کے الیکٹرک نے بجلی کی تقسیم اور فراہمی کیلئے لائسنس کی درخواست دائر کر دی۔
تفصیلات کے مطابق نیپرا نے کے الیکٹرک سے متعلق سوالات کھڑے کر دئیے۔ نیپرا نے پوچھا کہ بجلی تقسیم و فراہمی کے قواعد کے معیار کے مطابق کےالیکٹرک کی کیا کارکردگی ہے؟
نیپرا نے کے الیکٹرک سے بجلی کے لوڈ سے متعلق تفصیلات طلب کرلیں۔
سوال کیا گیا کہ بجلی کی بڑھتی طلب پورا کرنے کیلئے کےالیکٹرک کا کیا پلان ہے؟ صارفین کوسہولتوں کی فراہمی پرکے الیکٹرک اپنے سسٹم میں کیا جدت لائی؟ سروس ڈلیوری بہتربنانے کے حوالے سے کے الیکٹرک کا مستقبل کا پلان کیا ہے؟
لوڈشیڈنگ میں کمی، بجلی بلاتعطل فراہمی کیلئے کےالیکٹرک سے حکمت عملی بھی طلب کی گئی ہے۔
نیپرا کا کہنا ہے کہ کے الیکٹرک کی لوڈشیڈنگ، غیرمنصفانہ بلنگ، مہنگی بجلی پر شکایات ملی ہیں بتایا جائے کےالیکٹرک نے ان مسائل کے حل کے لئے کیا اقدامات کئے ہیں؟ کیا کے الیکٹرک نے نجکاری متعین کردہ اہداف حاصل کئے ہیں؟ کے الیکٹرک کے صارفین کے پروٹیکشن کے حوالے کیا سائبر سکیورٹی اقدامات ہیں ؟
کے الیکٹرک مستقبل میں وفاق سے کتنی بجلی لے گی؟ اس متعلق بھی نیپرا نے تفصیلات مانگ لیں۔