منگل, جنوری 14, 2025
اشتہار

دنیائے کرکٹ کا نیا حکمران بھارت یا آسٹریلیا؟ فیصلہ آج ہوگا

اشتہار

حیرت انگیز

دنیائے کرکٹ کا نیا حکمران کون ہوگا فیصلہ آج ہوگا ون ڈے ورلڈ کپ 2023 کا فائنل آج میزبان بھارت اور آسٹریلیا کے درمیان احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔

کرکٹ کا سب سے بڑا میلہ آئی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ 2023 آج فائنل میچ آج اختتام پذیر ہو رہا ہے۔ احمد آباد کے نریندر مودی کرکٹ اسٹیڈیم میں ہونے والے فائنل میں میزبان بھارت اور آسٹریلیا ٹرافی اٹھانے کی جنگ لڑنے میدان میں اتریں گے۔

بھارت جو رواں ورلڈ کپ میں نا قابل شکست رہا ہے دو بار ورلڈ کپ کی ٹرافی اٹھا چکا ہے جب کہ اس کا حریف بھی تگڑا ہے جو اس میگا ایونٹ کے ابتدائی دو میچز ہارنے کے بعد ایسا جاگا کہ مسلسل 8 میچز جیت چکا ہے جب کہ وہ ریکارڈ 5 بار کا عالمی چیمپئن ہونے کا اعزاز بھی رکھتا ہے۔

- Advertisement -

دونوں ٹیمیں 20 سال بعد ورلڈ کپ کے فائنل میں ٹکرائیں گی اس سے قبل 2003 کے ورلڈ کپ میں کینگروز نے بھارتی سورماؤں کو با آسانی شکست دے کر تیسری بار عالمی چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔

فائنل سے ایک روز قبل دونوں فائنلسٹ ٹیموں کے کپتانوں روہت شرما اور پیٹ کمنز کا چمچماتی ٹرافی کے ساتھ فوٹو شوٹ تاریخی مقام پر ہوا۔

 

بھارت کو آج مددگار پچ کے ساتھ شور مچاتا اور نعرے لگا کر جوش بڑھاتا سوا لاکھ کراؤڈ کا ساتھ بھی حاصل ہوگا جس کے بارے میں آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز کہتے ہیں کہ ٹاس سے کوئی فرق نہیں پڑے گا ہمیں تو احمد آباد میں کراؤڈ کو خاموش کرانے میں مزا آئے گا۔

بھارتی کپتان روہت شرما کا کہنا ہے کہ مسلسل جیت سے حوصلہ بلند ہے لیکن فائنل ایک نیا مقابلہ ہے اس کو جیتنے اور ٹرافی اٹھانے کے لیے ہمیں اچھا کھیلنا ہوگا۔

آج احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں ٹرافی اٹھانے کے لیے آسٹریلیا اور بھارت کے سپر اسٹارز اپنی جان لگا دیں گے اور بہترین کھیل پیش کریں گے۔ دونوں ٹیمیں اور ان کے کھلاڑی بھرپور فارم میں ہے اس لیے آج کانٹے کا مقابلہ ہونے کا امکان ہے۔

انڈین میڈیا کے مطابق بھارتی وزیراعظم نریندر مودی بھی ورلڈ کپ کا فائنل میچ دیکھنے اسٹیڈیم پہنچیں گے جبکہ بالی ووڈ کی مشہور شخصیات کی آمد بھی متوقع ہے۔ ایک لاکھ 32 ہزار افراد کی گنجائش والا اسٹیڈیم تماشائیوں سے کھچا کھچ بھرا ہوا ہوگا۔

ورلڈ کپ فائنل پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر ڈیڑھ بجے شروع ہوگا یہ بڑا مقابلے اے اسپورٹس پر براہ راست دکھایا جائے گا۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں