ایسے وقت میں جب ورلڈ کپ میں ناقص پرفارمنس کے بعد بابر اعظم قیادت چھوڑ چکے ہیں اور ان پر کڑی تنقید کی جا رہی ہے ایسے میں سابق کپتان سرفراز احمد نے کھل کر ان کی تعریف کی ہے۔
ایک نجی ٹی وی پروگرام میں سرفراز احمد نے کہا کہ بابر اعظم نے جہاں سے اوپر اٹھنا شروع کیا وہ ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز تھی جہاں انہوں نے نمبر تین پر بیٹنگ کی اور وہاں سے ہم انہیں اسی نمبر پر لے کر چلے پھر یہ ان کی محنت اور کوشش تھی کہ آج اس مقام پر ہیں۔
چیمپئن کپتان سرفراز احمد نے کہا کہ ہم خوش نصیب ہیں کہ ہم نے بابر اعظم کو بابر اعظم بنتے دیکھا آج جب سب لوگ اس کی کور ڈرائیو اور دیگر شاٹ کی تعریف کرتے ہیں تو دل خوش ہو جاتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ بابر اعظم نے جہاں خود کو منوایا وہ 2019 میں جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز تھی۔ گوکہ بابر اس سے قبل ٹاپ بولنگ کے خلاف کھیل رہے تھے لیکن کسی بھی کرکٹر کی اصل کارکردگی اسوقت بہتر ہونا شروع ہوتی ہے جب وہ ٹیسٹ کرکٹ میں ٹاپ بولنگ کے خلاف پرفارم کرتا ہے وہیں سے کھلاڑی میں اعتماد بھی آنا شروع ہوتا ہے۔
سرفراز احمد نے مزید کہا کہ جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز ایک مشکل سیریز تھیں جہاں پچز بھی بہت مشکل تھیں لیکن بابر اعظم نے جس طریقے سے وہاں مشکل پچز پر ڈیل اسٹین، ربادا، فلینڈر جیسی ٹاپ کلاس بولنگ کو کھیلا اس نے بابر کی کلاس ثابت کر دی۔