نئی دہلی: کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے نے وزیر اعظم مودی کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ دلت کی پٹائی کرنے والے ایک رہنما کو انھوں نے ٹکٹ سے نواز دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق راجستھان اسمبلی کے انتخابات کے سلسلے میں راجھستان کے ضلع بھرت پور میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کانگریس کے صدر ملکارجن کھڑگے نے دلت ہرشادپاتی والمیکی کی پٹائی کرنے والے گراج سنگھ ملنگا کو بی جے پی کا ٹکٹ ملنے پر مودی سرکار پر شدید تنقید کی۔
ایم ایل اے گراج سنگھ ملنگا کا تعلق بھی کانگریس سے تھا تاہم گزشتہ برس انھوں نے دلت انجینئر اور سرکاری ملازم 28 سالہ ہرشادپاتی کو اس بات پر شدید تشدد کا نشانہ بنایا تھا کہ انھوں نے ٹھاکروں کے گاؤں کی بجلی کاٹ دی تھی۔ گراج سنگھ نے دلت انجینئر کو اتنا پیٹا کہ انھیں تشویش ناک حالت میں اسپتال میں داخل کیا جانا پڑا۔
کانگریس نے اس معاملے کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے گرج سنگھ ملنگا سے رکن اسمبلی کا ٹکٹ واپس لے لیا، جس کے بعد ملنگا بی جے پی میں شامل ہو گئے اور انھیں پارٹی نے امیدوار بنا کر باڑی اسمبلی سیٹ کا ٹکٹ دے دیا ہے۔
VIDEO | "Harshadipati Valmiki is not even able to sit as all his bones are broken. Rahul Gandhi and I decided to not give ticket to the person (Giriraj Singh Malinga) who committed such a heinous act, even if we lose that seat," says Congress president @kharge after visiting SMS… pic.twitter.com/qVgy73pYYG
— Press Trust of India (@PTI_News) November 18, 2023
کھڑگے نے خطاب میں کہا کہ پی ایم مودی خود کو غریبوں کا مسیحا کہتے ہیں، لیکن انھوں نے دلت ہرشادپاتی والمیکی پر بے رحمی سے تشدد کرنے والے ملنگا کو ہی ٹکٹ دے دیا، مودی اس لیڈر کا حوصلہ بڑھا رہے ہیں جس نے دلت کی پٹائی کی۔
کھڑگے نے کہا بی جے پی غریبوں کے پیچھے پڑی ہوئی ہے، مدھیہ پردیش میں بھی ایک قبائلی پر بی جے پی لیڈر نے پیشاب کر دیا تھا، پھر وزیر اعلیٰ شیوراج سنگھ چوہان اس کے پیر دھو کر معافی مانگتے نظر آئے، لیکن پیر دھونے سے بی جے پی پر لگے اس داغ کے نشان نہیں مٹنے والے۔
انھوں نے کہا مودی ہمیشہ اپنے سرمایہ کار دوستوں کو فائدہ پہنچا رہے ہیں، ارب پتیوں کا تقریباً 15 لاکھ کروڑ روپے قرض معاف کر دیا، لیکن وہ کسانوں کا قرض معاف نہیں کرتے۔