اسلام آباد : جسٹس مظاہرنقوی نے سپریم جوڈیشل کونسل کی کارروائی سپریم کورٹ میں چیلنج کر دی، جس میں سپریم جوڈیشل کونسل کی کارروائی ختم کرنے کی استدعا کی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق سپریم جوڈیشل کونسل کی کارروائی کیخلاف جسٹس مظاہرنقوی نے سپریم کورٹ کا دروازہ کھٹکھٹا دیا۔
جسٹس مظاہرنقوی نے کارروائی کیخلاف سپریم کورٹ میں درخواست دائر کردی ، وکیل مخدوم علی خان نے آرٹیکل 184/3کی تحت درخواست دائرکی۔
جس میں جسٹس مظاہرنقوی نےسپریم جوڈیشل کونسل کی کارروائی چیلنج کرتے کارروائی ختم کرنے اور موصول نوٹس غیرقانونی قراردینےکی استدعا کی ہے۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ کونسل نے میرے اعترضات طے کئے بغیر آئندہ کارروائی کا نوٹس بھیجا، سپریم جوڈیشل کونسل نے 27اکتوبر کو پریس ریلیز جاری کر کے میرے بنیادی حقوق کی خلاف ورزی کی۔
جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی نے درخواست میں موقف اپنایا ہے کہ ظاہرکئے گئے اثاثے جج کیخلاف کارروائی کی بنیاد نہیں بن سکتے،ٹیکس حکام کی جانب سے اثاثوں پرکبھی کوئی نوٹس نہیں آیا، میرے خلاف شروع کی گئی مہم عدلیہ پرحملہ ہے۔
دوسری جانب جسٹس مظاہر نقوی کیخلاف شکایت پر سپریم جوڈیشل کونسل کااجلاس آج 2بجے ہو گا ، چیف جسٹس قاضی فائز سپریم جوڈیشل کونسل اجلاس کی سربراہی کریں گے، جس میں جسٹس مظاہر نقوی کے اعتراضات کا جائزہ لیا جائے گا۔