غزہ میں اسرائیلی جارحیت کا سلسلہ 45 ویں روز بھی جاری ہے، اسرائیلی افواج نے بین الاقوامی جنگی قوانین کی خلاف ورزیاں کرتے ہوئے سویلین رہائشی علاقوں، پناہ گزین کیمپوں، اسکولوں، اسپتالوں اور مساجد کو بھی تباہ کردیا ہے۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ 7 اکتوبر سے اب تک اسرائیلی حملوں میں شہید فلسطینیوں کی تعداد13 ہزار 300 ہوگئی ہے۔
غزہ پٹی انتظامیہ کے میڈیا آفس کے مطابق شہدا میں 5 ہزار 600 بچے اور 3 ہزار 550 خواتین بھی شامل ہیں۔غزہ پٹی کے 15 لاکھ شہری بے گھر اور نقل مکانی پر مجبور ہوئے جبکہ اسرائیلی حملوں سے زخمیوں کی تعداد 31 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔
دوسری جانب عالمی ادارہ صحت کا کہنا ہے کہ 28 نوزائیدہ بچوں کو غزہ کے اسپتال سے نکال کر مصر منتقل کردیا گیا ہے۔
عالمی ادارہ صحت کا کہنا ہے کہ غزہ کے اسپتال میں دیگر تین بچے تشویش ناک حالت میں زیر علاج ہیں جبکہ 28 بچوں کو مصر منتقل کردیا گیا ہے۔
اسرائیلی فوج نے گزشتہ ہفتے الشفا اسپتال پر وحشیانہ کارروائی کرتے ہوئے طبی عملے، بے گھر افراد اور مریضوں کو نکال دیا تھا۔
امریکا جنگ کو ہوا دے رہا ہے، ایرانی وزیر خارجہ
وہاں موجود 31 نومولود بچوں کو پہلے جنوبی غزہ کے ایک اسپتال میں منتقل کیا گیا تھا اور اب ایمبولینس کے ذریعے انہیں موبائل انکوبیٹرز میں مصر پہنچایا گیا۔
پہلے کہا جا رہا تھا کہ 31 نومولود بچوں کو مصر منتقل کیا جا رہا ہے مگر پھر بتایا گیا کہ 28 بچے وہاں پہنچے ہیں۔