جمعرات, دسمبر 12, 2024
اشتہار

ورلڈ کپ ٹرافی مچل مارش کے پیروں تلے دیکھ کر بھارتی آگ بگولہ

اشتہار

حیرت انگیز

آسٹریلیا نے بھارت کو ہرا کر چھٹی بار ون ڈے ورلڈ کپ جیت لیا تاہم جیت کے بعد کینگرو بیٹر مچل مارش کی ٹرافی پر پاؤں رکھے تصویر نے بھارتیوں کو آگ بگولہ کر دیا۔

احمد آباد کے دنیا کے سب سے بڑے کرکٹ اسٹیڈیم میں آسٹریلیا نے سوا لاکھ بھارتی فینز کے سامنے ان کی ٹیم کو دھول چٹاتے ہوئے فائنل میں زیر کیا اور چھٹی بار عالمی چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا۔

ورلڈ کپ میں فتح کے بعد آسٹریلوی کھلاڑیوں نے گراؤنڈ اور پھر ڈریسنگ روم میں بھی جیت کا شاندار جشن منایا تصاویر اور ویڈیوز بنائی گئیں جن میں سے کچھ تصاویر کینگرو کپتان پیٹ کمنز نے اپنی انسٹا گرام پروفائل پر بھی شیئر کر دیں لیکن ان میں سے ایک تصویر دیکھ کر ہار کے غم میں جلتے بھارتیوں کے سینے پر سانپ لوٹ گئے۔

- Advertisement -

یہ تصویر آسٹریلوی بلے باز مچل مارش کی تھی جو ورلڈ کپ ٹرافی پر پاؤں پسارے  صوفے پر آرام کرتے دکھائی دے رہے ہیں۔ سوشل میڈیا پر یہ تصویر آتے ہی ہلچل مچ گئی اور ایک طوفان آ گیا۔

اس تصویر کو دیکھتے ہی سوگ میں ڈوبے بھارتیوں کے زخم مزید گہرے ہو گئے اور انہوں نے آسٹریلوی کرکٹرز کوشدید تنقید کا نشانہ بنا ڈالا۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس پر ایک بھارتی صارف نے تبصرہ کرتے ہوئے اسے ٹرافی کی توہین قرار دیا اور ساتھ ہی آئی سی سی سے مطالبہ بھی کر ڈالا کہ کرکٹ کی عالمی تنظیم اس پر ایکشن لے۔

ایک اور دل جلے ویپن تیواری نامی بھارتی صارف نے ٹرافی جیت نہ پانے کے غم کا اظہار ان الفاظ کے ساتھ کیا کہ یہ واقعی افسوسناک ہے جب ٹرافی کا صحیح معنوں میں احترام کرنے والوں کو اسے چھونے کا موقع نہیں ملتا جبکہ جو لوگ پروا نہیں کرتے انہیں متعدد مواقع ملتے ہیں۔

 

کچھ صارفین نے بھارت کے 2011 کے ورلڈ کپ جیتنے پر ٹنڈولکر کی ٹرافی چومنے اور گزشتہ سال فیفا ورلڈ کپ جیتنے پر ارجنٹینا کے فاتح کپتان لیونل میسی کی ٹرافی چومنے اور ٹرافی کے ساتھ سونے کی تصاویر اور ویڈیوز شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ورلڈ کپ کی عزت اس طرح کی جاتی ہے۔

 

 

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں