کراچی : اورنگی میں تاجر کے گھر دو کروڑ کی ڈکیتی میں ملوث ڈی ایس پی عمیرطارق باجاری کو گرفتار کر کے عہدے سے ہٹادیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے اورنگی میں تاجر کے گھر دو کروڑ کی ڈکیتی میں ملوث ڈی ایس پی عمیرطارق باجاری کو حراست میں لے لیا گیا۔
پولیس نے بتایا کہ عمیر باجاری اورنگی ٹاؤن ڈکیتی میں براہ راست ملوث ہے تاہم عمیر باجاری کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
دوسری جانب ڈی ایس پی عمیرطارق کو ڈکیتی میں ملوث ہونے پر اور ایس ایس پی ساؤتھ عمران قریشی کوغفلت برتنے پر عہدے سےہٹادیا گیا۔
عمران قریشی اورعمیرطارق کوسی پی او رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، کارروائی ڈی آئی جی ویسٹ کی انکوائری رپورٹ کی روشنی میں کی گئی۔
رپورٹ میں ڈی ایس پی کی سربراہی میں چھاپہ مار ٹیم قصوروارثابت ہوئی ، رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ڈی ایس پی یو ٹی عمیر طارق ڈکیتی میں براہ راست ملوث ہے، اہلکار خرم اور فیضان ڈی ایس پی کے ساتھ واقعے میں ملوث ہیں جبکہ ملوث پولیس اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج کرنے کی سفارش بھی کی گئی تھی۔
واضح رہے کہ پولیس پارٹی نے اورنگی ٹاؤن میں گھر سے کروڑوں کے زیورات، کیش اور دیگر سامان لوٹا تھا، سی سی ٹی وی فوٹیج میں ڈی ایس پی کی گاڑی بھی نظر آئی تھی۔
عینی شاہدین کا کہنا تھا کہ ملزمان کی تعداد پندرہ تھی ، اہل خانہ ڈکیتوں کو پولیس اہلکار سمجھتےرہےجنہوں نے گھر میں داخل ہوکر سکون سے دوگھنٹےتک لوٹ مار کی اور دو کروڑ روپے، ستر تولے سونے کے علاوہ دیگرسامان لوٹ کرلے گئے، ڈاکو جاتے ہوئے دو بھائیوں کو بھی ساتھ لے گئے، جنہیں انہوں نےبلوچ پُل پرچھوڑدیا۔