اسلام آباد: انتخابات کی تیاریوں کے سلسلے میں الیکشن کمیشن نے حلقہ بندیوں پر اعتراضات نمٹا دیے ہیں۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق ذرائع کا بتانا ہے کہ الیکشن کمیشن نے حتمی حلقہ بندیوں کی اشاعت کا کام شروع کردیا ہے، 109 اضلاع سے جمع کروائے گئے اعتراضات پر سماعت مکمل کرلی گئی ہے۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ نئی حلقہ بندیوں پر مجموعی طور پر 1324 اعتراضات جمع کروائے گئے ہیں۔
سب سے زیادہ پنجاب سے 672 اعتراضات جمع کروائے گئے ہیں، کے پی 293، سندھ 228، بلوچستان 124، اسلام آباد سے 7 اعتراضات وصول ہوئے ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں الیکشن کمیشن نے چاروں صوبوں میں ای ایم ایس کا کامیاب تجربہ کیا تھا، مختلف اضلاع میں ریجنل الیکشن کمشنرز، ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنرز کے دفاتر سے تجربہ کیا گیا تھا۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ پریزائیڈنگ افسران اپنےپولنگ اسٹیشن کے نتائج ریٹرننگ افسران کو بھجوائیں گے، ریٹرننگ افسران رزلٹ تیار کر کے ڈیجیٹل اور مینیول طریقے سے الیکشن کمیشن کو بھجوائے گا، ہر ریٹرننگ افسر کو چار چار ڈیٹا انٹری آپریٹرز دیے جائیں گے۔
الیکشن کمیشن نے ڈیٹا انٹری آپریٹرز کو ٹریننگ دے دی ہے،ای ایم ایس سسٹم جدید تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے تیار کیا گیا ہے، ای ایم ایس کے ذریعے نتائج انٹرنیٹ اور بغیر انٹرنیٹ کے بھی بھیجیں جا سکیں گے۔