بدھ, فروری 12, 2025
اشتہار

نواز شریف کے وزیر اعظم بننے کے لیے لابنگ ہو رہی ہے: راجہ ریاض

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: سابق اپوزیشن لیڈر اور ن لیگ کے رہنما راجہ ریاض نے کہا ہے کہ صرف ایک چیز کی لابنگ ہورہی ہے کہ نواز شریف ان شااللہ وزیر اعظم بنیں گے۔

تفصیلات کے مطابق سابق اپوزیشن لیڈر اور ن لیگ کے رہنما راجہ ریاض نے اے آر وائی نیوز کو خصوصی انٹرویو میں کہا کہ پی ٹی آئی اس وقت بہت مشکلات میں ہے اگر نئے امیدواروں آتے ہیں تو ان کے پاس وقت کم ہے۔

سابق اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ اس وقت صرف ایک چیزکی لابنگ ہورہی ہے کہ نواز شریف ان شااللہ وزیر اعظم بنیں گے، ن لیگ اسوقت پنجاب میں سوئپ کر رہی ہے اسکے مقابلے میں کوئی جماعت اتنی مضبوط نہیں ہے۔

 عدم اعتماد سے متعلق راجہ ریاض کا کہنا تھا کہ عدم اعتماد سے 2 ماہ پہلے ن لیگ سے ہمارے مذاکرات میں سب کچھ طے ہوا، ہماری بات شہباز شریف سے ہوتی تھی پھر فون پر نواز شریف کو بتایا جاتا تھا جس کا ضامن کوئی نہیں، عدم اعتماد سے پہلے جو طے ہوا اس پر ہم اور وہ قائم ہیں۔

راجہ ریاض نے کہا کہ ہم نے طے کیا ہوا تھا ہم نے پی ٹی آئی چیئرمین کو وزیراعظم نہیں رہنے دینا ہے، پی ٹی آئی چیئرمین ہماری عزت نہیں کرتا تھا اور اسکا سیکرٹری ہمارا فون نہیں سنتا تھا، اعظم خان اب وعدہ معاف گواہ بن گیا ہے وہ  پہلے فرعون بنا ہوا تھا۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی چیئرمین کی اتنی ہمت نہیں تھی کہ گھنٹی بجا کر اعظم خان کو میٹنگ میں بلا لے، وہ تو پی ٹی آئی کے سینئر رہنما اسد عمر اور شاہ محمود قریشی کو لفٹ نہیں کرواتا تھا، پتا نہیں پی ٹی آئی چیئرمین کی کیا مجبوری تھی۔

سابق اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ عدم اعتماد سے پہلے چیئرمین پی ٹی آئی کوسپورٹ نہیں تھی ان کے اوپر سے ہاتھ کھینچ لیا گیا تھا، ہمیں پتا چلا تھا کہ ایک جرنیل کے ذریعے ہمیں لاجز سے اٹھانے کی کوشش ہونی تھی، اس لئے سندھ ہاؤس چلے گئے۔

’’ پی ٹی آئی چیئرمین نے یہ کہا تھا لیکن ہمیں نہیں اٹھایا گیا تو اسکا مطلب ہے ہاتھ کھینچ لیا گیا تھا، جب ہمیں نہیں اٹھانے دیا گیا تو اسکا مطلب تھا عدم اعتماد کامیاب ہوجائےگی‘‘۔

راجہ ریاض کا کہنا تھا کہ ہم نے تو کشتیاں جلا دی تھیں اور عدم اعتماد میں ووٹ ڈال کر نا اہل ہونے کو تیار تھے اس دن  ایوان میں بھی موجود تھا لیکن شہباز شریف نے ہمیں ووٹ دینے سے منع کر دیا۔

ن لیگ رہنما راجا ریاض نے مزید کہا کہ شہبازشریف نے جس سے جو وعدہ کیا پورا کیا، میں ان کامشکور ہوں، لیکن ہمارے گروپ کے 8 لوگ ن لیگ کے علاوہ کہیں اور جانا چاہتے ہیں۔

پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور ان کے والد سابق صدر آصف علی زرداری کے درمیان اختلافات کی خبروں پر  راجہ ریاض نے کہا کہ آصف زرداری اور بلاول بھٹو کے بیانات ہلکے پھلکے ہیں ان کو سنجیدہ نہ لیں۔

راجہ ریاض نے کہا کہ ایک کی ڈیوٹی آگ لگانا اور دوسرے کی آگ بجھانا ہے، زرداری صاحب منجھے ہوئے سیاستدان ہیں اور بلاول ابھی سیکھ رہے ہیں۔

 راجہ ریاض نے انٹرویو میں مزید کہا کہ استحکام پاکستان پارٹی کا ووٹر تو نظر نہیں آرہا اس لیے انکے لیے دعا ہی کر سکتا ہوں، قومی حکومت بنانی ہی پڑے گی، پاکستان کا فائدہ ہی قومی حکومت میں ہے جس میں سب ایک پیج پر بیٹھیں اور حکومت میں شامل ہوں، دہشت گردوں کے علاوہ پی ٹی آئی والے بھی نیشنل حکومت کا حصہ ہوسکتے ہیں۔

اہم ترین

نعیم اشرف بٹ
نعیم اشرف بٹ
نعیم اشرف بٹ اے آر وائی نیوز کے تحقیقاتی صحافت کے ڈپارٹمنٹ کے سربراہ ہیں

مزید خبریں