لاہور: ڈی آئی جی انویسٹی گیشن عمران کشور کا کہنا ہے کہ میڈیکل طالبہ کے قتل کیس میں مدعی مقدمہ نے ملزمان سے صلح کرلی ہے، جس کے بعد اب ریاست کیس لڑے گی۔
تفصیلات کے مطابق لاہور کے علاقے چوہنگ میڈیکل طالبہ کے قتل کی تفتیش میں اہم پیش رفت سامنے آئی ، ڈی آئی جی انویسٹی گیشن عمران کشور نے بتایا ہے لپ مدعی مقدمے نے ملزم پارٹی سے صلح کرلی۔
ڈی آئی جی انوسٹی گیشن کا کہنا تھا کہ مقدمے میں دفعہ تین سو گیارہ کا اضافہ کردیا گیا ہے، صلح کے بعد دفعہ تین سو گیارہ کےتحت ریاست کیس کی پیروی کرے گی ۔
سی سی پی او بلال صدیق کمیانہ نے عمران کشور کو تفتیش کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کیس میں مزید ایک اور دفعہ 311بھی لگانے کی ہدایت کی۔
متاثرہ فیملی نے کہا تھا کہ تفتیشی افسر نے مقدمے میں تاحال ملزمان کی گرفتاری بھی نہیں ڈالی ، ملزمان کو تھانہ چوہنگ میں وی آئی پی پروٹوکول دیا جا رہا ہے۔
دوسری جانب لاہور کی سیشن عدالت میں ملزم عبد الرحمان کی اٹھائیس نومبر تک عبوری ضمانت منظور کرلی اور پولیس سے مقدمے کا ریکارڈ طلب کر لیا ہے۔
عدالت نے ملزم عبد الرحمان کو شامل تفتیش ہونے کا حکم دے دیا ، ملزم کے خلاف تھانہ چوہنگ پولیس نے مقدمہ درج کررکھا ہے۔
یاد رہے متاثرہ فیملی نے عبدالرحمان کو گاڑی کا تعاقب کرنے سے منع کیا تھا، جس پر عبدالرحمان نے ماموں کوبلالیا تھا، جن کی فائرنگ کے باعث لڑکی زخمی ہوئی جو بعد میں چل بسی تھی۔