امریکی شہر برلنگٹن میں گزشتہ روز فائرنگ کے نتیجے میں تین فلسطینی طلبا شدید زخمی ہوگئے تھے، پولیس کی جانب سے معاملے کی ممکنہ نفرت انگیز جرم کے طور پر تحقیقات کا سلسلہ جاری ہے، حملے کا ملزم 48 سالہ جیسن پولیس کی حراست میں ہے۔
غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق ملزم کو قتل کی کوشش کے الزام کے تحت جیل سے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ عدالت میں پیش کیا گیا، تاہم ملزم کی جانب سے بے قصور ہونے کی درخواست داخل کی گئی ہے، عدالت نے ملزم جیسن جے ایٹن کو بغیر ضمانت کے گرفتار کرنے کا حکم دیا تھا۔
اٹارنی جنرل میرک کا کہنا تھا کہ امریکی محکمہ انصاف، ریاستی قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مل کر معاملے کی تحقیقات میں مصروف ہیں، کہ آیا اسرائیل اور حماس کی جنگ کے بعد سے امریکہ بھر میں یہودی، مسلم اور عرب کمیونٹیز کے خلاف خطرات میں اضافے کے درمیان مذکورہ واقعہ نفرت انگیز جرم تھا یا نہیں۔
واضح رہے کہ امریکی شہر برلنگٹن میں فائرنگ کے نتیجے میں تین فلسطینی طلبا شدید زخمی ہو گئے تھے جس میں سے ایک کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔
فلسطینی طلبا امریکا میں مختلف جامعات میں زیرِ تعلیم ہیں، تینوں نوجوان فلسطینی کفایا پہنے ایک تقریب میں شرکت کرنے جا رہے تھے اسی دوران حملہ آور نے فائرنگ کی۔
معاہدے کے ہر پہلو پر عملدر آمد یقینی بنانے کیلئے رابطے میں ہیں، بائیڈن
دوسری جانب اہلِ خانہ نے فائرنگ کو نفرت انگیز جرم قرار دیا ہے جبکہ امریکی پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے واقعے کی تحقیقات کر رہے ہیں۔