پاکستان ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے کپتان شان مسعود نے کہا ہے کہ جو کھلاڑی ڈومیسٹک میں پر فارم کرے گا وہ ضرور ٹیم میں آئے گا۔
قومی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے کپتان شان مسعود نے لاہور میں پریس کانفرنس میں کہا کہ دورہ آسٹریلیا کو اپنے لئے چیلنج سمجھتا ہوں، قومی ٹیم میں سینئر کھلاڑی موجود نہیں ہیں، دورہ آسٹریلیا کیلئے سینئرز کی مشاورت سے بہترین کارکردگی دکھائیں گے۔
کپتان کا کہنا تھا کہ ٹیم سلیکشن کا ایک طریقہ کار ہوتا ہے، سلیکٹرز، ٹیم منیجمنٹ اور کپتان کھلاڑیوں کی سلیکشن کرتے ہیں اور اس معاملے میں ہم ایک پیچ پر کھڑے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ جس طرح کی ٹیم ہم چاہتے تھے وہی ٹیم آسٹریلیا جارہی ہے، صائم ایوب بہترین بیٹر ہیں، وہ ڈومیسٹک کھلاڑیوں کیلئے ایک مثال ہیں، بابراعظم ہمارے بہترین کھلاڑی ہیں، ان کی جگہ کو نہیں چھیڑ سکتے اور نا ہی ٹیم میں زیادہ تبدیلی کررہے ہیں ٹیم میں ہر کھلاڑی کا کردار اہم ہے۔
کپتان شان مسعود نے کہا کہ ضرورت کے مطابق ہر ملک کی کنڈیشنز مختلف ہوتی ہیں، آسٹریلیا جیسی کنڈیشن پاکستان میں نہیں ہیں، ٹیم میں تبدیلی کی جاسکتی ہے، لیکن بابر اعظم نمبر 4 پر ہی بیٹنگ کریں گے۔
شان مسعود کا کہنا تھا کہ حارث رؤف ہماری خواہش تھی لیکن اگر اب وہ موجود نہیں ہیں تو دیگر فاسٹ بولرز کا استعمال کرینگے۔
شان مسعود کا کہناتھا کہ ورلڈ کپ میں سیلیکٹ نہ ہونے پر کوئی مایوسی نہیں ہم سب کے لئے پاکستانی ٹیم پہلے ہے، ہمیشہ کوشش کی ہے جہاں سلیکٹ نہیں ہوا وہاں گیم امپروو کروں۔
ٹیسٹ کے کپتان کا کہنا تھا کہ پاکستان کیلئےکھیلنا فخر کی بات ہے اور کپتانی کرنا اس سے بڑی بات ہے،کپتانی ایک بڑی ذمہ داری ہے،کوشش کروں گا بہتر پرفارم کروں۔
شان مسعود نے کھلاڑیوں کو پیغام دیا کہ قومی ٹیم میں احمد شہزاد سمیت سب کے لیے دروازے کھلے ہیں، جو بھی کھلاڑی ڈومیسٹک میں پرفارم کرے گا وہ ضرور ٹیم میں آئے گا۔