موسم سرما میں نہانے کیلیے گرم پانی کا استعمال بڑھ جاتا ہے جس کیلئے مختلف طریقے اختیار کیے جاتے ہیں، جن میں کچھ خطرناک بھی ثابت ہوسکتے ہیں۔
پانی کو گرم کرنے کیلیے چولہے اور ہیٹر کی بہ نسبت گیزر کو زیادہ استعمال کیا جاتا ہے، تاہم اگر احتیاط سے کام نہ لیا جائے تو یہ گیزر کسی بھی بڑے حادثے کا سبب بن سکتے ہیں۔
ایسے میں اگر آپ بھی سردیوں میں ایسا کرتے ہیں تو آپ کو کچھ احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ضرورت ہے کیونکہ اگر آپ ان تجاویز پر عمل نہیں کرتے تو آپ کو کچھ مسائل کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔ لہٰذا گیزر استعمال کرتے ہوئے ان حفاظتی نکات کو لازمی ذہن میں رکھیں۔
عام طور پر مارکیٹ میں چار مختلف اقسام کے گیزر دستیاب ہیں، جن میں الیکٹرک واٹر گیزر، انسٹنٹ واٹر گیزر، اسٹوریج گیزر، اور گیس گیزر شامل ہیں، ان گیزروں کے لیے حفاظت، احتیاطی تدابیر اور دیکھ بھال مختلف ہیں۔
بعض اوقات گیزر کے استعمال میں لاپرواہی جان لیوا ثابت ہوسکتی ہے، اکثر لوگ کچھ رقم بچانے کے لیے سستے یا استعمال شدہ گیزر خریدتے ہیں حالانکہ وہ جانتے ہیں کہ سستے گیزر مکمل طور پر محفوظ نہیں ہیں۔
گیزر کے اہم حفاظتی نکات
اگر گھر میں گیزر نصب ہے تو اسے استعمال کرنے کے بعد اسے بند کرنا ہرگز نہ بھولیں کیونکہ زیادہ گرمی کی وجہ سے گیزر پھٹنے کا خطرہ لاحق ہوتا ہے تاہم نئی ٹیکنالوجی کے ساتھ آٹومیٹک گیزر میں پانی گرم ہونے کے بعد یہ آٹو موڈ میں بند ہو جاتا ہے لیکن اگر آپ پرانا گیزر استعمال کر رہے ہیں، تو آپ کو وقت پر گیزر کو بند کرنا چاہیے۔
گیزر کو صحیح درجہ حرارت پر سیٹ کریں جب بھی آپ گیزر استعمال کریں تو اس بات کا خیال رکھیں کہ گیزر کے لیے صحیح درجہ حرارت سیٹ کریں، زیادہ درجہ حرارت سیٹ ہونے کی وجہ سے اکثر پانی ضرورت سے زیادہ گرم ہو جاتا ہے اس کے علاوہ بجلی بھی ضائع ہوتی ہے۔ ایسی صورتحال میں یہ ضروری ہے کہ آپ وقتاً فوقتاً اپنے گیزر کا درجہ حرارت چیک کرتے رہیں۔
عام طور پر گیزر کا درجہ حرارت 45-40 ڈگری کے درمیان رکھنا چاہیے، کرنٹ شاک سے بچنے کے لیے، تقریباً 10 سے 15 منٹ پہلے گیزر کو آن کریں اور پانی گرم کریں، اگر آپ کو زیادہ پانی کی ضرورت ہو تو آپ اسے بالٹی میں بھی رکھ سکتے ہیں۔
استعمال سے پہلے سروس لازمی کرائیں۔
اگر گیزر کئی سال پہلے لگایا گیا ہے اور یہ پچھلے سیزن کے بعد پہلی بار استعمال ہونے جا رہا ہے تو اپنے گیزر کو سروس کرائے بغیر استعمال نہ کریں۔ اگر گیزر کی تار تانبے کی نہ ہو تو اس کے پھٹنے کے امکانات زیادہ ہوتے ہیں۔ گیزر لگانے کے بعد چیک کریں کہ ارتھنگ درست ہے یا نہیں۔ اس سے گیزر میں کسی بھی قسم کی پریشانی کا پہلے سے پتہ لگایا جا سکے گا اور آپ کسی بھی حادثے سے بچ سکیں گے۔ اس کے علاوہ گھر میں گیزر ہمیشہ کسی پروفیشنل پلمبر سے لگوائیں کیونکہ اسے لگانے میں چھوٹی سی غلطی بھی بڑے حادثے کا سبب بن سکتی ہے۔
وینٹی لیشن کا خیال رکھنا
گھر کے جس حصے میں بھی آپ گیزر لگا رہے ہیں، اسے لگاتے وقت وینٹیلیشن کا پورا خیال رکھیں۔ اسے باتھ روم یا واش روم میں کہیں بھی نصب کرتے وقت وینٹیلیشن کا اچھا انتظام کریں۔ درحقیقت، بہت سے گیزر پانی کو گرم کرتے ہوئے گیس چھوڑتے ہیں، لہٰذا اگر مناسب وینٹیلیشن نہ ہو تو یہ حادثے کا سبب بن سکتا ہے۔
گیزر کو آن کرکے استعمال نہ کریں
گیزر استعمال کرتے وقت اس بات کا خیال رکھیں کہ اسے زیادہ دیر تک آن نہیں ہونا چاہیے کیونکہ اگر اسے زیادہ دیر تک آن رکھا جائے تو یہ گرم ہونے کے بعد پھٹ سکتا ہے۔ یہی نہیں بلکہ کئی بار آن ہونے کی وجہ سے گرم ہونے پر دباؤ کی وجہ سے لیکیج بھی ہو سکتا ہے جوکرنٹ شاک کا باعث بھی بن سکتا ہے۔ اسی لیے جب بھی آپ گیزر سے گرم پانی استعمال تو ہمیشہ سوئچ آف رکھیں اور استعمال کے بعد اسے بند کرنا نہ بھولیں۔
اس بات کا خاص خیال رکھیں کہ گیزر استعمال کرتے وقت آپ کو بجلی کا جھٹکا نہ لگے، اس کے لیے نل چلاتے وقت یا نہاتے وقت گیزر کو کبھی بھی آن نہ کریں، گیزر کو بچوں کی پہنچ سے دور رکھنے کی کوشش کریں۔ کئی بار گیزرآن کرکے پانی کو چھونے سے بچوں کو بجلی کا شاک لگنے کا خطرہ ہوتا ہے۔ اس لیے باتھ روم میں گیزر کو تھوڑی اونچائی پر لگائیں۔
انتہائی محتاط رہنے کی ضرورت ہے
ہمشہ اس بات کا خیال رکھیں کہ جب بھی آپ نیا گیزر یا سردی کے موسم کے آغاز میں پہلی بار گیزر استعمال کررہے ہیں تب ایک بالٹی ٹھنڈا پانی گیزر کا نل آن رکھیں۔ اس کے بعد استعمال کریں کیونکہ اس میں موجود ائیر باہر نکالنا ضروری ہوتا ہے ورنہ آپکا گیزر پھٹ بھی سکتا ہے۔
اس بات کا بھی خاص خیال رکھیں کہ گیزر کے استعمال کے وقت پانی کی ٹنکی پوری بھری رہے بصورت دیگر پانی کی سپلائی رکنے پر گیزر پھٹ سکتا ہے۔