راولپنڈی: اینٹی نارکوٹکس فورس(اے این ایف) نے 7 رکنی بدنام زمانہ بین الصوبائی منشیات اسمگلنگ گینگ کو سربراہ سمیت گرفتار کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق اینٹی نارکوٹکس فورس نے راولپنڈی میں بڑی کارروائی کرتے ہوئے بین الصوبائی منشیات اسمگلنگ گینگ کو سربراہ سمیت گرفتار کیا ہے۔
ترجمان کے مطابق اللہ نورنامی منشیات اسمگلر اس گروہ کا سربراہ ہے، گروہ موٹروے کے ذریعے بین الصوبائی منشیات اسمگلنگ میں ملوث ہیں، گینگ کر پکڑنے کے لیے جامع منصوبہ بندی کے بعد کارروائیاں عمل میں لائی گئیں۔
ترجمان کا بتانا ہے کہ کارروائیوں کے دوران پہلےگروہ کے 6 ارکان کو گرفتار کیا گیا جہاں 419 کلو گرام منشیات برآمد کی گئی، برآمد منشیات میں چرس اور افیون شامل ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ اے این ایف نے 18 نومبر 2023 کو گروہ کے سرغنہ اللہ نور کو بھی گرفتار کیا تھا، دوران گرفتاری ملزم اللہ نور سے مزید 12 کلو گرام چرس برآمدکی گئی۔
ترجمان نے مزید بتایا کہ اللہ نورگینگ کی گرفتاری اے این ایف کی ایک نہایت اہم کامیابی ہے،گروہ کی گرفتاری منشیات کے خلاف جنگ میں ایک سنگ میل ہے۔