اے آر وائی ڈیجیٹل کے ڈرامہ سیریل جانِ جہاں میں عائزہ خان (ماہ نور) کی پہلی جھلک جاری کردی گئی۔
اے آر وائی ڈیجیٹل کے نئے ڈرامہ سیریل ’جانِ جہاں‘ میں عائزہ خان کی پہلی جھلک جاری کی گئی ہے جس میں بلاک بسٹر ڈرامے ’پیارے افضل‘ کی جوڑی یعنی حمزہ علی عباسی اور عائزہ خان اداکاری کے جوہر دکھائیں گے۔
جانِ جہاں کی ہدایت کاری کے فرائض قاسم علی مرید نے انجام دیے ہیں جبکہ اس کی کہانی ردا بلال نے لکھی ہے۔
عائزہ خان کو کسی کا انتظار کرتے دکھایا گیا ہے پھر حمزہ علی عباسی کا ہاتھ تھامے وہ خوش ہوتی ہیں اور آخر میں انہیں اداس دکھایا گیا ہے۔
وہ کہتی ہیں کہ ’میری جان ہے تجھ سے، میرا جہاں بھی ہے تجھ سے، میرا خود سے تم ہوکر فنا ہوجانا ابھی باقی ہے۔‘
یوٹیوب پر ڈرامے کی پہلی جھلک ہزاروں کی تعداد میں مداح دیکھ چکے ہیں اور اس کی پہلی قسط کا بے تابی سے انتظار کررہے ہیں۔
گزشتہ روز حمزہ علی عباسی کو عالیشان گھر میں دکھایا گیا اور پھر وہ پلیٹ فارم پر چل رہے ہوتے ہیں اور ایک جگہ وہ عائزہ خان کا ہاتھ تھامے ہوئے ہیں۔
حمزہ علی عباسی شعر پڑھتے ہیں جس کے بول کچھ یوں ہیں، ’تجھے اشکوں میں چھپایا ہے اب تک، تجھے پلکوں پر بٹھانا باقی ہے، کسی آیت کی طرح اے جان جہاں تجھے آنکھوں سے لگانا باقی ہے۔‘
واضح رہے کہ عائزہ خان اے آر وائی ڈیجیٹل کے ڈرامہ سیریل ’میں‘ میں مبشرہ جعفر کا منفی کردار نبھا رہی ہیں جس میں ان کے ہمراہ مرکزی کردار میں وہاج علی موجود ہیں۔