جمعہ, دسمبر 27, 2024
اشتہار

بابر اعظم دنیائے کرکٹ کے ’’سلمان خان‘‘ قرار، مگر کیوں؟

اشتہار

حیرت انگیز

پاکستان کرکٹ ٹیم ٹیسٹ سیریز کھیلنے آسٹریلیا گئی ہے تاہم ان کی روانگی کے بعد سوشل میڈیا پر سابق کپتان بابر اعظم کو کرکٹ کا سلمان خان قرار دیا جا رہا ہے۔

پاکستان کرکٹ ٹیم تین ٹیسٹ میچز کی سیریز کھیلنے کے لیے آسٹریلیا پہنچ چکی ہے۔ اسکواڈ کی کینگروز کے دیس روانگی کے وقت کے ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے جس میں کھلاڑیوں کو ایک کے بعد ایک اپنے سامان کے ہمراہ روانہ ہوتے دیکھا جا سکتا ہے۔

- Advertisement -

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس پر وائرل ویڈیو میں کپتان شان مسعود، ٹیم ڈائریکٹر محمد حفیظ کے علاوہ حال ہی میں دولہا بننے والے امام الحق اور شاہین شاہ آفریدی کو بھی اپنی اپنی بیگمات کے ہمراہ دیکھا جا سکتا ہے جب کہ سابق کپتان بابر اعظم اپنا ہینڈ بیگ کیری کرتے تنہا آگے بڑھتے دکھائی دیتے ہیں۔

اس ویڈیو نے دیکھنے والوں کو بھارتی فلم انڈسٹری کے اب تک کنوارے سلمان خان کی یاد دلا دی اور کئی صارفین نے تو سالمان خان اور بابر اعظم کی تصویریں ساتھ لگا کر تقابلی جائزہ بھی پیش کرنا شروع کر دیا جب کہ اس کے ساتھ ہی ویب سائٹ پر میمز کی بھرمار ہو گئی۔

کئی صارفین نے بابر اعظم کو کرکٹ کا ’سلمان خان‘ قرار دے دیا جب کہ مداحوں نے یہ مماثلت بھی نکال لی کہ جس طرح سلمان خان تقاریب میں تن تنہا انٹری دیتے ہیں بالکل اسی طرح بابر اعظم بھی تنہا دیکھے جا سکتے ہیں۔

کچھ صارفین نے بیگمات کے ساتھ دورے پر جانے والے کرکٹرز اور تنہا بابر اعظم کی ویڈیو کے ساتھ بالی ووڈ اداکاروں کی اپنی اپنی بیگمات کے ہمراہ ویڈیوز شامل کرکے ایک نیا ٹوئسٹ دینے کی کوشش کی ہے۔

کچھ کھلاڑیوں کی بیگمات کے ساتھ دورے پر روانگی پر متعدد صارفین نے تبصرہ کیا کہ سمجھ نہیں آرہا کہ کھلاڑی کھیل کھیلنے جارہے ہیں یا پھر ہنی مون پر روانہ ہو رہے ہیں۔

ایک صارف نے لکھا کہ ہنی مون یاترا کا آغاز ہو گیا ہے۔

یاد رہے کہ رواں سال کئی قومی کرکٹرز کے سروں پر سہرہ سجا اور انہوں نے نئی زندگی کا آغاز کیا جن میں حارث رؤف، شاہین شاہ آفریدی، شاداب خان امام الحق، شان مسعود، فہیم اشرف شادی کے بندھن میں بندھ کر زندگی کا نئی اننگ کا آغاز کر چکے ہیں۔

تاہم مداحوں کو سابق کپتان بابر اعظم کی شادی کا انتظار ہے رواں سال ان کی شادی کے حوالے سے کئی خبریں گردش کرتی رہیں ہیں تاہم ان کے یا ان کے اہلخانہ کی جانب سے اس حوالے سے کوئی حتمی تاریخ نہیں دی گئی ہے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں