کراچی: انڈونیشیا میں پھنسے پی آئی اے کے دو طیاروں کے حوالے سے اہم پیش رفت ہوئی ہے، قومی ایئرلائن نے لیزنگ کمپنی کو 13 ملین ڈالر ادا کر دیے۔
تفصیلات کے مطابق انڈونیشیا میں پھنسے قومی ایئر لائن کے دو طیاروں میں سے ایک طیارہ لیزنگ کمپنی کو تیزہ ملین ڈالر ادا کیے جانے کے بعد اگلے ایک دو روز میں پاکستان پہنچ جائے گا۔
ذرائع کے مطابق پی آئی اے نے مذکورہ لیزنگ کمپنی کو 26 ملین ڈالر ادا کرنے تھے، دوسرا طیارہ چند روز میں پی آئی اے کے فلیٹ میں شامل ہو جائے گا، دو سال سے ان طیاروں کا معاملہ التوا کا شکار رہا ہے۔
ان طیاروں کی آمد سے پی آئی اے کے بیڑے میں مزید 2 ایئربس 320 ساختہ طیاروں کا اضافہ ہو جائے گا، اور ایئر بس ساختہ طیاروں کی کل تعداد 16 ہو جائے گی۔
ترجمان پی آئی اے کے مطابق سیکریٹری ایوی ایشن کی سربراہی میں پی آئی اے کا اعلیٰ سطح کا وفد ملائیشیا گیا تھا، جس نے لیزنگ کمپنی ایئر ایشیا کے ساتھ طیاروں کا معاملہ حل کرنے کے لیے مذاکرات کیے۔ یہ دونوں طیارے لیزنگ کمپنی سے تنازعے کے سبب ستمبر 2021 سے جکارتہ میں کھڑے تھے۔
ترجمان نے کہا ہے کہ ری ڈلیوری چارجز بچا کر ان طیاروں کو 26 ملین ڈالر کے عوض ہم نے خرید لیا ہے، وفد نے طیاروں کی ری ڈیلیوری کے لیے لیزنگ کمپنی سے مذاکرات کیے۔ ترجمان نے طیاروں پر 15 ملین ڈالر پارکنگ چارج ادا کیے جانے سے متعلق چھپنے والی خبر بھی غلط اور بے بنیاد قرار دی۔