ممبئی: بھارت کے مقبول کرائم ڈرامہ سیریل ’سی آئی ڈی‘ میں اہم کردار نبھانے والے اداکار دنیش فنڈنس مختصر علالت کے بعد چل بسے۔
بالی وڈ ہنگامہ کی رپورٹ کے مطابق دنیش فنڈنس نے سی آئی ڈی میں انسپکٹر فریڈرکس کا کردار ادا کیا تھا جسے ناظرین کی جانب سے کافی پسند کیا گیا۔
دو روز قبل خبریں زیرِ گردش رہیں کہ دنیش فنڈنس کو دل کا دورہ پڑا ہے اور وہ ممبئی کے ٹھونگا اسپتال میں زیرِ علاج ہیں، تاہم ڈرامے کے ایک اور مشہور کردار دیانند شیٹی نے ان خبروں کی تردید کی تھی۔
اب خبر آئی ہے کہ دنیش فنڈنس 57 سال کی عمر میں چل بسے، وہ ٹھونگا اسپتال میں وینٹی لیٹر پر تھے۔
خبر کی تصدیق کرتے ہوئے دیانند شیٹی نے انڈین ایکسپریس کو بتایا کہ دنیش فنڈنس نے آخری بار سانس گزشتہ رات 12 بج کر 8 منٹ پر لی اور اس کے بعد موت کے منہ میں چلے گئے۔
دیانند شیٹی نے بتایا کہ انہیں متعدد بیماریاں تھیں، انہیں گزشتہ رات وینٹی لیٹر سے ہٹایا گیا جس کے بعد وہ چل بسے۔ انہوں نے بتایا کہ آج صبح ممبئی میں ان کی آخری رسومات ادا کر دی گئیں۔
دنیش فنڈنس سی آئی ڈی کی اہم کاسٹ میں شامل تھے۔ 1998 سے سونی ٹی وی پر نشر ہونے والا ڈرامہ سیریل 2018 تک جاری رہا جسے کافی پسند کیا گیا۔ انہوں نے ایک اور مشہور ڈرامہ سیریل ’تارک مہتا کا الٹا چشمہ‘ میں معاون کردار ادا کیا تھا۔