کراچی: عائشہ منزل کے قریب عمارت میں لگنے والی آگ کے متاثرین نے جلنے والے فلیٹ سے سامان چوری ہونے کی شکایت کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق عرشی شاپنگ مال میں آگ لگنے کا واقعہ پیش آیا تھا جس نے فلیٹس کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا تھا ۔ اب متاثرہ عمارت کے ایک مکین کے فلیٹ سے چوری کی شکایت سامنے آئی ہے۔
متاثرہ مکین نے بتایا کہ گھر سامان لینے گئے تو 4 موبائل فون غائب تھے۔ آگ لگنے کے بعد گھر سے فوری نکل گئے تھے۔
حمزہ نامی شخص نے بتایا کہ فلیٹ آگ سے بچ گیا لیکن چوروں سے نہیں بچا۔ فلیٹ سے سامان نکالنے کیلئے 10 منٹ کا وقت ملا تھا۔ دیگرمکینوں نے بھی موبائل فونز غائب ہونے کی شکایت کی ہے۔
واضح رہے کہ کراچی کے علاقے عائشہ منزل کے قریب عرشی شاپنگ مال کی دکانوں اور رہائشی فلیٹس میں خوفناک آگ بھڑک اٹھی تھی جس کے نتیجے میں 5 افراد جاں بحق ہوئے تھے۔
فائر بریگیڈ حکام نے کئی گھنٹوں کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پایا تھا۔ تاہم اب ایس بی سی اے کی ٹیکنیکل ٹیم نے عمارت کو محفوظ قرار دیا ہے۔
ایس بی سی اے حکام کا کہنا ہے کہ عمارت میں ایمرجنسی راستہ نہیں ہے، ہنگامی صورتحال کے لیے ہائیڈ رنٹ سسٹم یا فائر فائٹنگ کے آلات نہیں تھے۔