ماسکو: روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے غزہ کی صورتحال کو امریکی سفاتکاری میں ناکامی قرار دے دیا۔
غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق روسی صدر ولادیمیر پیوٹن اور ایرانی ہم ممنصب ابراہیم رئیسی کی ملاقات ہوئی جس میں غزہ پر اسرائیلی مظالم کی مذمت کی گئی۔
روسی صدر نے کہا کہ ماسکو دہائیوں سے جاری اسرائیل فلسطین تنازع میں ثالث بن سکتا ہے۔
ایرانی صدر ابراہیم رئیسی نے کہا کہ مشرق وسطیٰ بالخصوص فلسطین کی صورتحال پر بات چیت کرنا اہم ہے، غزہ میں جو کچھ ہورہا ہے بلا شبہ نسل کشی اور انسانیت کیخلاف جرم ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ صرف علاقائی نہیں پوری انسانیت کا مسئلہ ہے۔
واضح رہے کہ غزہ میں وزارت صحت کا کہنا ہے کہ 7 اکتوبر سے اب تک اسرائیلی حملوں میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کی کل تعداد 17,177 ہوگئی جب کہ 46,000 سے زائد زخمی ہیں۔
وزارت نے مزید کہا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 350 فلسطینی شہید ہوئے ہیں۔
فلسطینی ہلال احمر کا کہنا ہے کہ اسرائیلی بمباری کی وجہ سےشمالی غزہ میں ایمبولینس سروس معطل ہے۔