سابق کپتان شاہد آفریدی نے بینو قادر ٹرافی میں دلچسپ مقابلے کی توقع ظاہر کرتے ہوئے شاہین شاہ کو آسٹریلیا کے خلاف پاکستان کا اہم ہتھیار قرار دیا ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق پاکستان کرکٹ ٹیم تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے لیے آسٹریلیا میں موجود ہے اور اس وقت پی ایم الیون کے خلاف وارم اپ میچ کھیل رہی ہے۔ تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا با قاعدہ آغاز 14 دسمبر کو پرتھ میں ویسٹ ٹیسٹ سے ہوگا اس سیریز کو دونوں ممالک کے لیجنڈ کرکٹرز رچی بینو اور عبدالقادر کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے بینو قادر ٹرافی کا نام دیا گیا ہے۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے بینو قادر ٹرافی میں دلچسپ مقابلے کی توقع ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ آسٹریلیا اپنی کنڈیشنز میں بہت خطرناک ٹیم ہے اور اس کا موجودہ بیٹنگ آرڈر بہت تگڑا ہے تاہم شاہین شاہ آفریدی کینگروز کے خلاف پاکستان کا اہم ہتھیار ثابت ہو سکتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ شاہین شاہ کسی بھی بیٹر کے لیے مشکلات پیدا کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں اور انہیں آسٹریلیا کی کنڈیشنز میں بولنگ کرنے کا مزہ آئے گا۔
شاہد آفریدی نے مزید کہا کہ وہ خود کو خوش قسمت سمجھتے ہیں کہ انہوں نے آسٹریلیا کے بہترین کھلاڑیوں کے خلاف کرکٹ کھیلی، میں شین وارن سے بولنگ ٹپس لیتا تھا وہ شاندار کرکٹر اور فائٹر تھے۔