بدھ, فروری 5, 2025
اشتہار

سال 2023 میں وہ شوبز شخصیات جو ہم سے بچھڑ گئیں

اشتہار

حیرت انگیز

نئے سال کا آغاز ہونے میں چند ہفتے باقی ہیں، نیا سال اپنے ساتھ نئی محفلیں، نئی رونقیں لائے گا۔ ان محفلوں کے اپنے ڈھنگ، اپنے رنگ ہوں گے مگر ان رنگوں میں ایک کمی کا احساس ہمیں ستائے گا۔

یہ احساس ان فنکاروں کی یادیں ہوں گی جو نئے برس کا سورج نہیں دیکھ سکے، جو 2023 میں ہم سے جدا ہوگئے۔ جو اب دوبارہ اسکرین پر نظر نہیں آئیں گے، اسٹیج پر اب کبھی نہیں گائیں گے۔

گو زندگی رواں دواں ہے، ایک لہر کی جگہ دوسری لہر آجائے گی، مگر ان فنکاروں کی یادیں ہمیشہ ہمارے دلوں کو گرماتی رہیں گی، اس تحریر میں ایسے ہی چند قد آور فنکاروں کو یاد کرنے کی سعی کی گئی ہے، جو اس برس ہم سے جدا ہوئے۔

ماجد جہانگیر

پاکستان کے مقبول اداکار اور کامیڈین ماجد جہانگیر 10 جنوری 2023 کو انتقال کر گئے۔ ماجد جہانگیر لاہور میں رہائش پذیر تھےکہ ان پر فالج کا حملہ ہوا جس سے وہ جسمانی طور مفلوج ہو گئے تھے ، وہ پانچ سال تک فالج کے ساتھ زندہ رہے۔ اپنے آخری دنوں میں سانس لینے میں تکلیف کے باعث انہیں اسپتال لے جایا گیا تھا۔ ان کا انتقال لاہور کے نجی اسپتال میں ہوا۔

ماجد جہانگیر

واسو خان

معروف بلوچی لوک فنکار واسو خان طویل علالت کے بعد سکھر کے ایک ہسپتال میں اس سال فروری میں انتقال کر گئے تھے ،ان کو 2011 میں گلوکارشہزاد رائے کے ساتھ ’اپنے اُلو کتنے ٹیڑھے، اب تک ہوئے نہ سیدھے‘ گانے سے شہرت حاصل ہوئئ تھی ۔بلوچستان کے پسماندہ علاقے جعفر آباد سے تعلق رکھنے والے واسو خان طویل العمری، غربت اور کوئی باقاعدہ روزگار نہ ہونے کی وجہ سے بیماری کا شکار بن کر گھر تک محدود ہوگئے تھے۔

واسو خان

ضیا محی الدین

13 فروری کو ضیاء محی الدین کراچی میں انتقال کر گئے۔ وہ بیمار تھے اور ہسپتال میں لائف سپورٹ پر تھے۔ ان کا انتقال 91 سال کی عمر میں ہوا۔ضیاء محی الدین اپنے آپ میں ایک اکیڈمی تھے۔ انہوں نے پوری لگن اور محبت کے ساتھ فن اور ثقافت کی خدمت کی۔

ضیا محی الدین

قوی خان

پاکستان کے معروف ٹیلی ویژن اداکار قوی خان 6 مارچ کو کینیڈا میں انتقال کر گئے۔ ان کی عمر 80 سال تھی۔ قوی خان کینسر کے مرض میں مبتلا تھے اور کینیڈا میں زیر علاج تھے۔

ان کے مشہور ڈراموں میں اندھیرا اجالا ، فشار، لاہوری گیٹ، دو قدم دور تھے، مٹھی بھر مٹی، من چلے، میرے قاتل مرے دلدار، پھر چاند پہ دستک، در شہوار، بیٹیاں، داستان نام سرفہرست ہیں۔

قوی خان

قوی خان پاکستان ٹیلی وژن کی پہلے اداکار تھے جنہیں صدارتی تمغا برائے حسن کارکردگی سے نوازا گیا۔ یہ اعزاز انہیں 14 اگست 1980 کو ملا۔

بعد ازاں انہیں ستارہ امتیاز سے بھی سرفراز کیا گیا، محمد قوی خان پی ٹی وی ایوارڈ اور ریڈیو پاکستان اور پاکستان ٹیلی وژن کے لائف اچیومنٹ ایوارڈ بھی حاصل کرچکے ہیں۔ انہوں نے کئی فلموں میں بھی کام کیا اور تین نگار ایوارڈز بھی حاصل کیے۔

طارق جمیل پراچہ

9 اپریل 2023 کو پاکستان ٹیلی ویژن کے نامور اداکار اور پروڈیوسر طارق جمیل پراچہ انتقال کر گئے۔

طارق جمیل نے اپنے کیریئر کا آغاز پی ٹی وی کے سیٹ ڈیزائنر کے طور پر کیا مگر وہ ایک بہترین پروڈیوسر کے طور پر جانےگئے، انہوں نے پہلا ڈرامہ ‘آنچ’ بنایا جسے کافی مقبولیت ملی۔

اس کے بعد انہوں نے اداکاری کے شعبے میں بھی قدم رکھا اور خوب داد سمیٹی، ان کے مشہور ڈراموں میں دل مومن، سات پردوں میں، پیار نام کا دیا، اڑان اور محبت چھوڑ دی میں نے شامل ہیں۔

طارق جمیل پراچہ

خالد سعید بٹ

اداکار عثمان خالد بٹ والد اور پی ٹی وی کے سابق اداکار خالد سعید بٹ 13 اپریل کو انتقال کر گئے۔ وہ ڈی جی نیشنل کونسل آف آرٹس اور ڈی جی لوک ورثہ کے طور پر خدمات انجام دے چکے ہیں اور انہیں پرائیڈ آف پرفارمنس سے نوازا گیا۔

خالد سعید بٹ

شبیر رانا

7 مئی کو پاکستانی ٹیلی ویژن کے سینئر اداکار شبیر رانا انتقال کر گئے۔ وہ کئی سالوں سے بیمار تھے۔ وہ مشہور پاکستانی یوٹیوبر اذلان شاہ کے والد ہیں۔ ان کے ڈراموں میں جیکسن ہائٹس، اب کر میری رفوگری، اور قائد تنہا شامل ہیں۔

اداکار طویل عرصے تک ایڈورٹائزنگ انڈسٹری سے وابستہ رہے اور بطور ڈائریکٹر لاتعداد ٹی وی کمرشلز کی ڈائریکشن دی تھی۔

شبیر رانا

انہوں نے بھارت کے معروف اداکار مرحوم دلیپ کمار سے متاثر ہوکر اداکاری کے میدان میں قدم رکھا تھا اور 40 سالہ فنی سفر کے دوران قومی اور نجی ٹی وی چینلز کے کئی کامیاب ٹی وی ڈراموں میں بطور اداکار اپنے فن کا مظاہرہ کیا۔ دیکھنے والوں کو ان کی اداکاری میں دلیپ کمار کی اداکاری کی جھلک ملتی تھی۔

شعیب ہاشمی

6 مئی کو پاکستان کے معروف اداکار وڈرامہ نویس شعیب ہاشمی انتقال کر گئے ، ان کی عمر 82 برس تھی۔ پی ٹی وی کے ابتدائی دور میں ان کے پروگرامز عوام میں بہت مقبول ہوئے تھے۔

شعیب ہاشمی ٹی وی کے ابتدائی دور کی معروف اداکارہ سلیمہ ہاشمی کے شوہر اور شہرہ آفاق شاعر فیض احمد فیض کے داماد تھے۔

شعیب ہاشمی پر 12 سال قبل فالج کا حملہ ہوا تھا جس کے بعد سے وہ بستر علالت پر تھے۔

ان کے بیٹے عدیل ہاشمی نے شعیب ہاشمی کے انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے کہا تھا کہ انہیں برین ہیمرج ہوا تھا اور کافی عرصے سے علیل تھے۔

شعیب ہاشمی

یعقوب عاطف

پانی دا بلبلا سے شہرت پانے والے گلوکار یعقوب عاطف 12 مئی کو انتقال کر گئے۔ وہ ایک باصلاحیت تجربہ کار پاکستانی گلوکار تھے جو اپنی پرجوش اسٹیج پرفارمنس کی وجہ سے مشہور تھے۔

یعقوب عاطف

اداکار یوسف شکیل

29 جون 2023 کو پی ٹی وی کے تجربہ کار اداکار یوسف شکیل 85 سال کی عمر میں دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئے۔ وہ 29 مئی 1938 کو پیدا ہوئے، یوسف شکیل پاکستانی ٹیلی ویژن اور فلم کے ایک شاندار اداکار تھے جنہوں نے عروسہ، انکل عرفی، آنگن سمیت متعدد ہٹ پراجیکٹس میں کام کیا جن میں شہزوری، افشاں اور ان کہی نمایاں ہیں ، شکیل یوسف کا اصل نام یوسف کمال تھا۔

اداکار شکیل

گلوکار اسد عباس

کوک اسٹوڈیو کے معروف گلوکار اسد عباس 15 اگست کو انتقال کر گئے۔ وہ گردے کے عارضے میں مبتلا تھے اور ایک گردے کی پیوند کاری سمیت متعدد دوسری سرجریز سے گزر چکے تھے۔ اپنے آخری ایام میں وہ کافی بیمار رہے۔ ان کے جگر نے بھی کام کرنا چھوڑ دیا تھا ۔ اسد عباس نے متعدد شوز میں عطیات کی درخواست بھی کی تھی۔

اسد عباس

اکبر خان

22 اگست کو اداکار اور مصور اکبر خان انتقال کر گئے۔ وہ ایک باصلاحیت مصور اور مجسمہ ساز بھی تھے۔

اکبر خان

شبیر مرزا

پی ٹی وی کے ڈرامہ گیسٹ ہاؤس کے مشہور اداکار شبیر مرزا ستمبر 2023 کے اوائل میں انتقال کر گئے تھے، ان میں کینسر کی تشخیص ہوئی تھی۔ آخری دنوں میں ان کی حالت مزید بگڑ گئی تھی۔

شبیر مرزا

گلوکار شرافت علی بلوچ

اکتوبر 2023 میں علاقائی گلوکار شرافت علی بلوچ اپنے گروپ کے 6 ارکان کے ساتھ ٹریفک حادثے میں جان کی بازی ہار گئے۔ وہ ایک کنسرٹ سے واپس آرہے تھے۔

گلوکار شفاقت علی بلوچ

نوشین مسعود

6 دسمبر کو شوبز انڈسٹری کی سینئر اداکارہ نوشین مسعود انتقال کرگئیں۔

نوشین مسعود نے جنون، شہزاد رائے، جنید جمشید، عامر ذکی، جواد احمد سمیت کئی معروف گلوکاروں کی میوزک ویڈیوز بھی ڈائریکٹ کیں۔

نوشین مسعود

ان کے مشہور ڈرامہ سیریلز میں جا، کالونی 1952، گھر تو آخر اپنا ہے ودیگر شامل ہیں جبکہ نوشین مسعود نے مختلف پروگرامز کی میزبانی بھی کی۔

اہم ترین

نعمان ناصر
نعمان ناصرhttps://arynews.tv/
صحافی و بلاگر، 8 سال سے اے آر وائی نیوز سے وابستہ ہیں

مزید خبریں