پیر, نومبر 18, 2024
اشتہار

بیٹیوں کو جائیداد میں حصہ دیں، مسلمانوں سے اپیل

اشتہار

حیرت انگیز

لکھنؤ: آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ نے بھارت کے مسلمانوں سے اپیل کی ہے کہ وہ جائیداد میں بیٹیوں کا حصہ ادا کریں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کی ورکنگ کمیٹی کی جانب سے ہفتے کو لکھنؤ میں واقع دارالعلوم فرنگی محلی ہال میں ایک کانفرنس کا انعقاد کیا گیا، جس میں خواتین کو جائیداد میں حصہ دینے پر زور دیا گیا۔

تفہیم شرعیت کانفرنس سے خطاب میں مولانا محمد نصر اللہ ندوی نے کہا کہ اسلام پہلا مذہب ہے جس نے شریعت کے مطابق خواتین کو ان کے والدین، شوہر اور بیٹے کی جائیداد میں حصہ دیا۔ انھوں نے کہا کہ مسلم پرسنل لا بورڈ نے حکم دیا ہے کہ وراثت کے ضمن میں حصہ ماں، بہن، بیوی، بیٹی، پوتی، پڑپوتی، نواسی، سوتیلی بہن، دادی اور نانی کا حصہ دیا جائے، ان حصوں کا تعین قرآن پاک نے کیا ہے۔

- Advertisement -

مقررین نے کہا کہ بہت سے کیسز میں بیٹیوں کو ان کا شرعی حصہ نہیں دیا جاتا، اس لیے ملک بھر کے مسلمانوں سے اپنی بیٹیوں کو جائیداد میں حصہ دینے کی اپیل کی جاتی ہے۔

مولانا خالد رشید فرنگی محلی نے پرسنل لا بورڈ کی تاریخ پر بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ بورڈ 1973 میں قائم ہوا تھا، اس کا بنیادی مقصد شریعت کی حفاظت اور امت مسلمہ کا اتحاد ہے۔ انھوں نے کہا کہ اس کانفرنس کا مقصد یہ ہے کہ عوام کے بیچ مسلم پرسنل لا بورڈ سے متعلق پائی جانے والی غلط فہمیوں کو دور کیا جائے۔

مولانا عتیق احمد بستوی نے کہا کہ گھر کے انتظام کی ذمہ داری صرف خواتین پر عائد ہوتی ہے، اسلامی شریعت اس کی مکمل رہنمائی کرتی ہے، اگر ہم سب ان ہدایات پر عمل کرنا شروع کر دیں تو ہمارے گھروں سے بے چینی ختم ہو جائے گی۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں