نگران وزیراعلیٰ پنجاب نے ایشیا کپ ایونٹ میں بھارت کے خلاف پاکستان انڈر19 ٹیم کی شاندار کامیابی پر مبارکباد دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے پاکستان انڈر19 کرکٹ ٹیم کے عمدہ کھیل کو سراہتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں نے ہر شعبے میں بھارتی ٹیم کو آؤٹ کلاس کر کے فتح حاصل کی۔
نگران وزیراعلیٰ پنجاب کا مزید کہنا تھا کہ ہمارے کھلاڑیوں نے بولنگ، بیٹنگ اور فیلڈنگ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔
محسن نقوی نے کہا کہ اذان اویس نے سنچری اسکور کرکے فتح میں بنیادی کردارادا کیا۔ انڈر19 کرکٹرز نے ٹیم ورک اور جذبے سے روایتی حریف کو شکست دی۔
واضح رہے کہ پاکستان انڈر19 نے روایتی حریف کے خلاف ایشیا کپ میں عمدہ کاکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے باآسانی 8 وکٹوں سے فتح حاصل کی ہے۔
پاکستان انڈر19 نے عمدہ بیٹنگ کا مظاہر کرتے ہوئے 2 وکٹوں کے نقصان پر 260 رنز کا ہدف حاصل کرلیا۔
اذان اویس نے میچ وننگ سنچری اسکور کرتے ہوئے 105 رنز کی عمدہ باری کھیلی۔ اوپننگ بیٹر شاہ زیب خان بھی 63 رنز بنا کر نمایا رہے، کپتان سعد بیگ نے 68رنز اسکور کیے۔
پاکستان انڈر19 ٹیم کے کپتان سعد نے ٹاس جیت کر پہلے حریف کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ بھارت انڈر19 نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 9 وکٹوں کے نقصان پر 259 رنزاسکورکیے۔