ایسے نوجوان جو اپنی گاڑیوں کی ظاہری شکل بدل کر انھیں نئے ماڈلز میں تبدیل کرتے ہیں ان کے لیے ٹریفک ڈیپارٹمنٹ نے الرٹ جاری کردیا۔
کویت میں گاڑیوں کے ماڈلز میں اکثر نوجوان ردوبدل کرانے کے شوقین ہیں۔ وہ اس کے لیے شوائیخ انڈسٹریل ایریا اور دیگر جگہوں پر واقع دکانوں اور گیراجوں کا رخ کرتے ہیں۔ وہاں گاڑی کی ظاہری شکل کو تبدیل کر کے اسے نیا روپ دیا جاتا ہے۔
تاہم اب پرانی گاڑی کو نئے ماڈلز میں تبدیل کرنے کے خواہشمند نوجوانوں کو ایسا کرنے پر ٹریفک ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔
یعنی اگر کوئی شخص 2010 ماڈل کی گاڑی کے بیرونی حصے کو 2023 کے ماڈل کی طرح تبدیل کرواتا ہے تو وہ جنرل ٹریفک ڈیپارٹمنٹ کے قوانین کی خلاف ورزی کا مرتکب ہوگا، جس کے لیے اسے سزا مل سکتی ہے۔
سیکورٹی ذرائع کی جانب سے تصدیق کی گئی ہے کہ جنرل ٹریفک ڈیپارٹمنٹ نے ان گاڑیوں کو دو ماہ کی مدت کے لیے ضبط کرنا شروع کر دیا ہے جن کے مالکان ٹریفک قانون کے خلاف جنرل ٹریفک ڈیپارٹمنٹ سے اجازت لیے بغیر اپنی گاڑیوں کی ظاہری شکل تبدیل کرتے ہیں۔
ذرائع کے مطابق ٹریفک ڈیپارٹمنٹ ان گاڑیوں کو سڑکوں پر روک رہا ہے اور ان گاڑیوں پر ’’بلاک‘‘ لگایا جارہا ہے جن کے مالکان نے 2010 سے 2023 کے ماڈلز کی بیرونی شکل تبدیل کی ہوئی ہے۔
اس کے علاوہ محکمہ ٹریفک نے وزارت تجارت کے ساتھ مل کر صنعتی علاقوں میں کئی دکانیں بھی بند کرا دی ہیں۔