اتوار, نومبر 17, 2024
اشتہار

ڈاکوؤں نے اسرائیلی فوجی ٹرک لوٹ لیا

اشتہار

حیرت انگیز

دو ماہ سے مظلوم فلسطینیوں پر ظلم کے پہاڑ ڈھانے والی اسرائیلی فوج کے ٹرک کو ڈاکوؤں نے لوٹ لیا اور ہزاروں گولیاں لوٹ کر فرار ہوگئے۔

غاصب صہیونی ریاست جو گزشتہ دو ماہ سے مظلوم فلسطینیوں پر تاریخ انسانی کے بدترین مظالم ڈھا رہی ہے جس کے نتیجے میں اب تک 17 ہزار سے زائد فلسطینی شہید اور 50 ہزار کے لگ بھگ زخمی ہوچکے ہیں اس کا فوجی ٹرک ڈاکوؤں کے ہتھے چڑھ گیا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوج نامعلوم افراد کی جانب سے کی جانے والی ایک تیز اور اسمارٹ ڈکیتی کا شکار ہوئی جس میں امریکی ساختہ ایم سولہ رائفل کی بیس ہزار سے زیادہ گولیاں چوری کرلی گئیں جن کی مجموعی مالیت 60 ہزار ڈالر بتائی جاتی ہے۔

- Advertisement -

رپورٹ کے مطابق یہ سامان ڈبوں میں پیک کرکے ایک ٹرک پر لادا گیا تھا جسے صحرائے نقب میں واقع “تسلیم” فوجی اڈے پر لے جایا گیا تھا تاہم ٹرک اڈے سے چار کلو میٹر دور ایک ٹریفک سگنل پر رکا جہاں ڈاکوؤں نے اس پر دھاوا بول دیا اور لوٹ مار کرنے کے بعد با آسانی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔

جنوبی اسرائیل میں فوج کے کمانڈر امیر کوہن نے اس واقعے کی تحقیقیات کے لیے ایک انکوائری کمیشن بنانے کا حکم دیا ہے جو دوسرے سکیورٹی اداروں کے ساتھ مل کر ڈکیتی کی کارروائی کا پتا چلائے گا۔

واضح رہے کہ اسرائیلی فوج اسے زمینی افواج کی تربیت کا سب سے بڑا اڈہ قرار دیتی ہے۔ مذکورہ علاقے میں فوجی نقل وحمل کی نگرانی  کے لیے جدید انفرا اسٹرکچر کے ساتھ جا بجا سی سی ٹی وی کیمرے لگے ہوئے ہیں اس کے باوجود ڈاکوؤں کا یہاں با آسانی چھپ جانا اور کامیاب واردات کرنا ناقص انتظامات کی قلعی کھول رہا ہے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں