واشنگٹن: امریکی سینیٹر برنی سینڈرز اسرائیل کے خلاف پھر میدان میں آ گئے۔
امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی سینیٹر برنی سینڈرز نے صدر جو بائیڈن سے اسرائیل کے لیے 10 ارب ڈالر کی اضافی فوجی امداد فوری واپس لینے کا مطالبہ کر دیا ہے۔
برنی سینڈرز نے امریکی صدر کو خط لکھ کر کہا کہ وہ اسرائیل کے لیے دس بلین ڈالر کی امداد واپس لے لیں، فلسطینیوں کے قتلِ عام میں امریکا شریک ہے، خط کے متن میں برنی سینڈرز نے لکھا کہ غزہ پر اسرائیل امریکی جنگی سامان سے حملے کر رہا ہے۔
منگل کو بائیڈن کو بھیجے گئے خط میں برنی سینڈرز نے اس بڑی امریکی فوجی امداد (جس میں ہزاروں گولہ بارود اور بم شامل ہیں) کا ذکر کر کے تنقید کی ہے جو اسرائیل نے 7 اکتوبر سے جنگ شروع ہونے کے بعد سے وصول کی ہے، اور کہا کہ اس طرح واشنگٹن بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزیوں میں ملوث ہو گیا ہے۔
انھوں نے خط میں لکھا کہ نیتن یاہو حکومت کا موجودہ فوجی انداز غیر اخلاقی ہے، یہ بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی ہے، اور امریکا کو ان اقدامات میں ہماری شراکت داری ختم کرنی چاہیے۔
واضح رہے کہ امریکی کانگریس میں قانون سازوں کی ایک تعداد ان اراکین کی بھی ہے جو غزہ میں اسرائیل کی جنگ کی فنڈنگ کے خلاف متحرک ہیں، ایک ایسی جنگ کے خلاف جس میں صہیونی فورسز نے درندگی کے ساتھ 18,000 سے زیادہ فلسطینیوں کو قتل کیا ہے، اور 20 لاکھ بے گھر ہو چکے ہیں۔