اتوار, جنوری 5, 2025
اشتہار

ایسا ماحول نہیں کہ کسی پارٹی کو دبایا جا رہا ہو، جہانگیر ترین

اشتہار

حیرت انگیز

لاہور: استحکام پاکستان پارٹی (آئی پی پی) کے پیٹرن ان چیف جہانگیر ترین کا کہنا ہے کہ الیکشن کیلیے ایسا ماحول نہیں ہے کہ کسی سیاسی پارٹی کو دبایا جا رہا ہو۔

سابق پی ٹی آئی رہنما ہمایوں اختر نے آئی پی پی میں شمولیت اختیار کی۔ اس موقع پر جہانگیر ترین نے دیگر پارٹی رہنماؤں کے میڈیا سے گفتگو کی۔

جہانگیر ترین نے کہا کہ خوشی ہے ہمایوں اختر نے آئی پی پی میں شمولیت اختیار کی، سیاست میں ایڈجسٹمنٹ اور میل ملاپ حصہ ہوتا ہے، ملسم لیگ (ن) کے رہنماؤں نے بلایا تھا تو میں گیا ہماری اچھی بات چیت ہوئی۔

- Advertisement -

متعلقہ: جہانگیرترین اور شہبازشریف کی ملاقات میں کیا بات چیت ہوئی؟

انہوں نے کہا کہ ہم پاکستان کو بحران سے نکالنے اور معیشت کی ترقی چاہتے ہیں، جب سب اکٹھے مل کر کام کریں گے تو ملکی معیشت بہتر ہوگی۔

ان کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ نے رات دیر تک الیکشن سے متعلق کیس کی سماعت کی اور فیصلہ دیا، انتخابات کیلیے اوپن ماحول ہے کھل کر الیکشن ہوگا جس میں عوام کی رائے سامنے آئے گی۔

جہانگیر ترین نے کہا کہ یہ سب قیاس آرائیاں ہیں کہ کس جماعت کی زیادہ پذیرائی ہے، پی ٹی آئی کی مقبولیت 9 مئی کے بعد خاصی نیچے گئی ہے۔

اپنی گفتگو میں انہوں نے کہا کہ معاہدے ہوتے رہتے ہیں اصل ملک ہے کیونکہ معیشت چلے گی تو ملک چلے گا، ملکی معیشت چلے گی تو نوجوانوں کے حالات بھی بہتر ہوں گے، 8 فروری کو الیکشن ہوں گے 5 سال کیلیے ایک حکومت بیٹھے گی تو ملکی استحکام آئے گا۔

اس موقع پر آئی پی پی کے صدر علیم خان بھی موجود تھے جنہوں نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ابھی تک (ن) لیگ سے کوئی اتحاد نہیں ہوا البتہ مذاکرات ضرور ہو رہے ہیں، اسحاق خاکوانی رہنمائی کر رہے ہیں۔

علیم خان نے کہا کہ جن کی نشاندہی آپ نے کی ہے ان تمام باتوں پر بات چیت چل رہی ہے، مذاکرات مکمل ہوئے تو نتیجہ سب کے سامنے آ جائے گا، کسی کی گردنیں اتار کر اپنی سیاست نہیں چمکائیں گے، ہم کسی کی قربانیاں دے کر اپنی سیٹیں بنانے کی کوشش نہیں کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہم جیت جائیں اور دوسرے کو قربان کر دیں تو ایسا نہیں کریں گے، میری قربانی دے کر ملکی مسائل حل ہوتے ہیں تو تیار ہوں۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں