اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے نگراں وزیر اعظم کے مشیر احد چیمہ کو عہدے سے ہٹانے کا حکم جاری کر دیا۔
صاف و شفاف انتخابات کیلیے نگراں وزرا کو ہٹانے کے کیس میں الیکشن کمیشن نے فیصلہ سنا دیا جس کے مطابق احد چیمہ کو فوری مشیر کے عہدے الگ کر دیا جائے۔
الیکشن کمیشن نے کہا کہ احد چیمہ گزشتہ کابینہ کا حصہ رہے ہیں، وہ عام انتخابات پر اثر انداز ہو سکتے ہیں۔ الیکشن کمیشن نے سیکرٹری کابینہ ڈویژن کو حکم جاری کیا۔
درخواست گزار عزیز الدین کاکا خیل نے جانبدار وزرا کو نگراں کابینہ سے ہٹانے کی استدعا کی تھی۔ الیکشن کمیشن نے نگراں وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ سمیت فواد حسن فواد اور احد چیمہ کو نوٹسز جاری کیے تھے۔
رواں ماہ، احتساب عدالت نے احد چیمہ کو آمدن سے زائد اثاثوں کے ریفرنس میں بری کیا تھا۔ نیب رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ احد چیمہ کے خلاف آمدن سے زائد اثاثوں کا نیب ریفرنس نہیں بنتا، ان کے تمام اثاثے ان کی آمدن سے مطابقت رکھتے ہیں۔
رپورٹ میں کہنا تھا کہ احد چیمہ کے مبینہ بے نامی داروں نے اپنی ذاتی انکم سے پراپرٹیز بنائیں، مبینہ بے نامی داروں کی پراپرٹیز کو احد چیمہ سے لنک نہیں کیا جا سکتا۔