اتوار, جنوری 5, 2025
اشتہار

غزہ میں 11 شہریوں کو دیکھتے ہی اہل خانہ کے سامنے گولیاں مارنے کی اطلاعات پر یو این پریشان

اشتہار

حیرت انگیز

غزہ: فلسطینی شہر غزہ میں 11 شہریوں کو اسرائیلی فوجیوں کی جانب سے اہل خانہ کے سامنے بغیر سوچے سمجھے، دیکھتے ہی گولیاں مارنے کی اطلاعات پر اقوام متحدہ نے شدید پریشانی کا اظہار کیا ہے۔

الجزیرہ کے مطابق اقوام متحدہ نے کہا ہے کہ اسے ’’پریشان کن معلومات‘‘ موصول ہوئی ہیں کہ اسرائیلی فوجیوں نے غزہ شہر میں کم از کم 11 غیر مسلح فلسطینی مردوں کو ان کے اہل خانہ کے سامنے دیکھتے ہی گولیاں مار دیں۔

اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے دفتر نے کہا کہ انھیں غزہ سے کچھ پریشان کن معلومات موصول ہوئی ہیں، جس میں کہا گیا گیا ہے کہ اسرائیلی ڈیفنس فورسز نے غزہ شہر کے الرمل علاقے میں کم از کم گیارہ غیر مسلح فلسطینی مردوں کو ان کے خاندان کے افراد کے سامنے قتل کیا، جو جنگی جرم کے ممکنہ کمیشن کے لیے خطرے کی ایک گھنٹی ہے۔

- Advertisement -

واضح رہے کہ اسرائیل کو اپنے فورسز کے ہاتھوں شہریوں کو جان بوجھ کر نشانہ بنانے اور ان کے قتل کے حوالے سے پہلے ہی الزامات کا سامنا ہے۔

ادھر اقوام متحدہ کے دفتر رابطہ برائے انسانی امور نے کہا ہے کہ اسرائیل نے جنوبی غزہ میں خان یونس کے تقریباً 20 فی صد علاقوں کو فوری طور پر خالی کرنے کا حکم دے دیا ہے۔ وسطی اور جنوبی خان یونس کے 20 فی صد حصے پر محیط علاقے کو خالی کرنے کے اسرائیلی فوجی حکم نے جنوب میں اسرائیلی فوجی آپریشن میں مزید توسیع کے لیے شہریوں میں خوف پھیلا دیا ہے۔

الجزیرہ کے مطابق اس حکم سے لوگوں کی ایک بڑی تعداد متاثر ہونے والی ہے اور وہ بے گھر ہو جائیں گے۔ خان یونس کا مرکزی حصہ شہر کا مرکز ہے، جہاں عوامی سہولت کے بڑے مراکز قائم ہیں، جن میں وزارت صحت کا آپریشن سینٹر، ناصر اسپتال، اردن کا فیلڈ اسپتال اور زیادہ تر رہائشی عمارتیں شامل ہیں۔

دوسری طرف امریکی ویٹو سے بچنے کے لیے کئی دنوں تک جاری رہنے والے مذاکرات کے بعد اب اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں آج جمعرات کو غزہ کی قرارداد پر ووٹنگ متوقع ہے۔ اقوام متحدہ میں متحدہ عرب امارات کے سفارت کار لانا ذکی نسیبہ نے قرارداد کی منظوری کے لیے امید ظاہر کی ہے۔

دہشت گردی سے لڑنے کا مطلب یہ نہیں اسرائیل غزہ کو مسمارکر دے، فرانسیسی صدر انٹرویو میں برس پڑے

غزہ کی موجودہ صورت حال کے پیش نظر اقوام متحدہ کے سربراہ انتونیو گوتریس کا کہنا ہے کہ غزہ میں بھوک اور بے گھری کی بدترین صورت حال میں ’’بڑے پیمانے پر انسانی بنیادوں پر کارروائیوں‘‘ کو ممکن بنانے کے لیے حالات میں بہتری لانا اشد ضروری ہے۔ اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے ماہر فرانسسکا البانیز نے کہا کہ غزہ میں صحت کے نظام پر اسرائیلی حملوں نے انتہائی افسوس ناک شکل اختیار کر لی ہے، غزہ کے لوگوں کے خلاف بے ہودہ جنگ لڑی جا رہی ہے۔

واضح رہے کہ غزہ کے سرکاری میڈیا آفس کے مطابق 7 اکتوبر سے اسرائیلی حملوں میں کم از کم 20,000 فلسطینی شہید ہو چکے ہیں۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں