حیدر آباد: چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ کچھ لوگ یہ چاہتے ہیں کہ ملک میں تقسیم اور نفرت جاری رہے۔
تقریب سے خطاب میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ملک میں نفرت اور تقسیم کی سیاست عروج پر ہے، ہمیں نفرت کی سیاست کے بخار کو توڑنا پڑے گا، ملک کیسے چلے گا اگر ایک دوسرے کو غدار اور کفر کہیں گے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ یہ سمجھانا پڑے گا کہ آپ بھی پاکستان ہیں میں بھی پاکستانی ہوں، اختلاف رائے ہو سکتا ہے مگر اس کا مطلب یہ نہیں ذاتی دشمنی پر اتر آئیں۔
متعلقہ: دہشتگردوں سے مذاکرات نے ملک کو 10 سال پیچھے دھکیل دیا، بلاول بھٹو
سابق وزیر خارجہ نے کہا کہ کچھ لوگ چاہتے ہیں پاکستان کے معاشرے کو تقسیم کرتے رہیں، عوام اور نوجوان جان لیں کہ اتحاد میں جیت ہے تو یہ قوتیں ہارجائیں گی۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے پاکستان کو ایک جدید ملک بنانا ہے اور تمام خطرات کا مقابلہ کرنا ہے، دنیا کے ساتھ چلنا ہے تو اپنی ثقافت کو اجاگر کرنا ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ میں ملک کا سب سے نوجوان وزیر خارجہ رہا ہوں، ہمیں نوجوانوں کے ہاتھوں میں بندوق کے بجائے قلم تھمانا ہوگا، میرا ایک وژن ہے پاکستان کا بچہ بچہ موہن جوداڑو سے واقف ہو۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی کے حوالے سے ہمیں عوام کو سمجھانے کی ضرورت ہے، ہر پاکستانی کو پتا ہونا چاہیے ہمالیہ کی برف پگھلی تو کیا ہوگا، عوام کو شعور دینا ہے برف پگھلی تو پہلے ہم مریں پھر پیاس سے مریں گے۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں مستقبل میں موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کیلیے تیاری کرنا ہوگی، سندھ میں لوگوں کے گھر بنا رہے ہیں ایسا پورے پاکستان میں کرنا ہوگا، دنیا کو بتانا پڑے گا موسمیاتی تبدیلی سے پاکستان کے عوام کی زندگی بھی خطرے میں ہے۔