استحکام پاکستان پارٹی کے پیٹرن ان چیف جہانگیر ترین کا کہنا ہے کہ دعا ہے صحیح وقت پر اور مضبوط حکومت بنے، ہمارا مقصد ملک میں بنیادی تبدیلی لانا ہے۔
جہانگیر ترین نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ لودھراں کے عوام نے مجھے ہمیشہ بے پناہ محبت دی، عوام کی محبت کی وجہ سے یہاں سے الیکشن میں حصہ لے رہا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ ہماری خواہش ہے ایسی مضبوط حکومت بنے جو 5 سال پورے کرے، سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے حوالے سے بنائی گئی کمیٹی کام کر رہی ہے، مجھے ایک اور حلقے سے الیکشن لڑنے کی آفر کی گئی۔
ان کا کہنا تھا کہ لودھراں میرا گھر ہے میں نے گھر سے الیکشن لڑنے کو ترجیح دی، ہمارا منشور عوام دوست ہے، ہمارا مقصد ملک میں بنیادی تبدیلی لانا اور عوام کو خوشحال کرنا ہے۔
جہانگیر ترین نے کہا کہ معیشت میں بہتری اور غربت کا خاتمہ کریں گے، اقتدار ملا تو لودھراں کی ترقی کیلیے 5 ارب کا فنڈ لائیں گے۔
اس سے قبل، جہانگیر ترین نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ الیکشن کیلیے ایسا ماحول نہیں ہے کہ کسی سیاسی پارٹی کو دبایا جا رہا ہو، ہم پاکستان کو بحران سے نکالنے اور معیشت کی ترقی چاہتے ہیں، جب سب اکٹھے مل کر کام کریں گے تو ملکی معیشت بہتر ہوگی۔
انہوں نے کہا تھا کہ سپریم کورٹ نے رات دیر تک الیکشن سے متعلق کیس کی سماعت کی اور فیصلہ دیا، انتخابات کیلیے اوپن ماحول ہے کھل کر الیکشن ہوگا جس میں عوام کی رائے سامنے آئے گی۔