8 فروری کو ہونے والے عام انتخابات کے لیے صوبہ سندھ سے مجموعی طور پر 9140 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق 8 فروری کو ہونے والے عام انتخابات میں سندھ سے جمع ہونے والے کاغذات نامزدگی کے حوالے سے صوبائی الیکشن کمیشن کی جانب سے تفصیلات جاری کر دی گئی ہیں۔
صوبہ سندھ سے قومی اسمبلی کی 61 جنرل نشستیں ہیں جب کہ صوبائی اسمبلی 130 جنرل نشستوں پر مشتمل ہے جس کے لیے مجموعی طور پر 9140 کاغذات نامزدگی جمع کرائے گئے ہیں۔
الیکشن کمیشن کے مطابق قومی اسمبلی کی 61 نشستوں کے لیے 2555 امیدواروں نے اپنے کاغذات نامزدگی جمع کرائے جب کہ سندھ اسمبلی کی 130 جنرل نشستوں کے لیے مجموعی طور پر 6585 فارم جمع کرائے گئے۔
صوبائی الیکشن کمشنر کے مطابق کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 30 دسمبر تک جاری رہے گی۔ انہوں نے تمام امیدواروں کو الیکشن کمیشن کے جاری کردہ ضابطہ اخلاق پر مکمل عملدرآمد کی ہدایت کی ہے۔