کراچی کے علاقے کورنگی میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے مذہبی جماعت کے کارکن کو قتل کردیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی کے علاقے کورنگی میں نامعلوم موٹر سائیکل سوار ملزمان نے دکان میں گھس کر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں مذہبی جماعت کا کارکن جاں بحق ہوگیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کی جانب سے کوئی چھینا جھپٹی نہیں کی گئی واقعہ ٹارگٹ کلنگ کا معلوم ہوتا ہے۔
تفتیشی حکام کا کہنا ہے کہ جائے قوعہ سے چار گولیوں کے خول ملے ہیں، موٹر سائیکل پر ملزمان نے فرضی نمبر پلیٹ لگائی ہوئی تھی۔
سی سی ٹی وی فوٹیج میں ملزمان کے چہرے واضح نہیں ہیں اور انہوں نے ماسک سے چہرہ چھپا رکھا ہے۔
مقتول سلیم کا تعلق چکوال سے بتایا گیا ہے جبکہ بیٹا بھی مذہبی جماعت کا سرگرم عہدیدار ہے، پولیس کو شبہ ہے کہ مذہبی جماعت کو ٹارگٹ کیا گیا ہے۔
مقتول کے قتل پر اہل علاقہ نے احتجاج کیا اور نماز جنازہ بھی چمڑا چورنگی پر ادا کی گئی ہے۔