پاکستان تحریک انصاف کے سینیئر وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کا اڈیالہ جیل سے رہا کر دیا گیا تاہم پولیس نے انہیں جیل سے نکلتے ہی دوبارہ گرفتار کر لیا ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق پی ٹی آئی کے سینیئر وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کو اڈیالہ جیل سے رہا کر دیا گیا تاہم جیل سے نکلتے ہی تھانہ آر اے بازار پولیس نے انہیں دوبارہ گرفتار کرلیا ہے اور انہیں بکتر بند میں لے کر نامعلوم مقام کی طرف روانہ ہو گئی ہے۔
شاہ محمود قریشی کی جی ایچ کیو حملہ کیس میں گرفتاری ڈال دی گئی ہے اور پولیس کے مطابق انہیں انسداد دہشتگردی کی عدالت میں پیش کیا جائے گا۔
پولیس نے ڈپٹی کمشنر کو شاہ محمود کی نظر بندی کے احکام ختم کرنے کی استدعا کی تھی اور نظر بندی کا حکم ختم ہونے پر ہی وہ جیل سے رہا ہوئے تھے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز ڈپٹی کمشنر راولپنڈی نے شاہ محمود قریشی کی نظر بندی کا آرڈر جاری کیا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ ملزم 9 مئی کے مقدمات میں نامزد ہیں اور ان سے تفتیش درکار ہے لہٰذا ان کی نظر بندی کے آرڈر جاری کیے جاتے ہیں۔