جمعرات, دسمبر 26, 2024
اشتہار

فواد چوہدری کا 6 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: احتساب عدالت میں فواد چوہدری کا 6 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور ہو گیا۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کی احتساب عدالت نے زمین کی خریداری میں خورد برد سے متعلق کیس میں فواد چوہدری کے دس روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا پر چھ روزہ ریمانڈ منظور کر لیا۔

احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے فواد چوہدری کے خلاف تعمیری منصوبوں میں خورد برد کیس کی سماعت کی، نیب کی جانب سے دس روزہ جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر فواد چوہدری کو عدالت میں پیش کیا گیا، سماعت شروع ہوئی تو نیب پراسیکیوٹر  نے عدالت کو بتایا کہ پہلے 14 روزہ جسمانی ریمانڈ مانگا تھا، دس روزہ ملا تھا، بینکنگ ریکارڈ منگوایا ہے جس پر خورد برد کا شک ہوا ہے، کنٹریکٹر کو بھی 2 جنوری کو طلب کیا گیا ہے، او فواد چوہدری سے مزید تفتیش کرنی ہے۔

- Advertisement -

نیب پراسیکیوٹر نے دس روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کرتے ہوئے کہا فواد چوہدری کا دس روزہ جسمانی ریمانڈ دے دیا جائے تاکہ تفتیش مکمل کر لیں، بینکنگ ٹرانزیکشن سے مزید تفتیش کرنے میں مدد ملے گی۔

فواد چوہدری روسٹرم پر آئے اور کہا کہ الزام لگایا گیا ہے کہ بطور وزیر میں نے کنٹریکٹرز پر اثر و رسوخ استعمال کیا، پراجیکٹ پی ایس ڈی پی کا ہے جس کی منظوری ملی ہوئی تھی۔ فواد چوہدری نے عدالت کو بتایا کہ اگر منتخب نمائندہ ترقیاتی کام نہیں کرے گا تو اس کے منتخب ہونے کا کیا فائدہ، نیب وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے خلاف انکوائری نہیں کھول سکتی، کیا میں اکبر بادشاہ ہوں کہ میں سب پر اثر انداز ہو گیا۔

فواد چوہدری نے استدعا کی کہ انھیں اس کیس سے ڈسچارج کیا جائے، وکیل فیصل چوہدری نے دلائل دیے کہ انکوائری کی اسٹیج پر ہی فواد چوہدری کو گرفتار کر لیا گیا، یہ فواد چوہدری کو انتخابات سے باہر رکھنے کی کوشش ہے۔

کیس کی سماعت کے بعد احتساب عدالت نے ریمانڈ دیتے ہوئے نیب کو تفتیش مکمل کرنے کی ہدایت کی، عدالت نے تفتیشی افسر کو ہدایت کی کہ فواد چوہدری کی وکلا سے ملاقات بھی کرا دیں، اور 5 جنوری کو دوبارہ عدالت پیش کیا جائے۔ واضح رہے کہ فواد چوہدری پر پنڈدادنخان، جہلم سڑک کی تعمیر کے لیے زمین خریداری میں خورد برد کا کیس درج ہے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں