کراچی : سال دوہزار تیئس قومی ایئرلائن ( پی آئی اے) کیلئے اچھا ثابت نہیں ہوا، ادارے کو 120 ارب روپے سے زائد خسارے کا سامنا رہا لیکن انتظامیہ کا دعویٰ ہے کہ پی آئی اے نے ریکارڈ بزنس کیا۔
تفصیلات کے مطابق قومی ایئرلائن ( پی آئی اے) کی شاہانہ اڑان کو انتظامیہ کی بدنظمی اور ناقص حکمت عملی لے ڈوبی، سال 2023ء میں قومی ایئرلائن اپنے تاریخ کے سنگین ترین مالی مشکلات کا شکار رہا۔
ایف بی آر اور پی ایس او کے ساتھ واجبات کے جھگڑوں نے ادارے شدید مالی نقصان سے دوچار کیا اور غیر یقینی صورتحال کے باعث پی آئی اے کو ہونیوالی ادائیگیاں بھی متاثر ہوئیں۔
سال 2023ء میں قومی ایئرلائن کے بوئنگ 777، A320 طیارے کئی دنوں تک گراونڈ رہے جبکہ قومی ایئرلائن ایف بی آر اور پی ایس او کو اربوں روپے کے واجبات ادا کرنے میں بھی قاصر رہا۔
دوسری جانب پی آئی اے انتظامیہ کا دعویٰ ہے کہ سال 2023ء میں ریکارڈ ریونیو حاصل کیا۔
سال 2023ء میں حکومت کی جانب سے قومی ایئرلائن کی نجکاری کے عمل میں تیزی آئی تو ملازمین نے ادارے کی نجکاری کیخلاف احتجاجی تحریک بھی شروع کی۔
سال کے آخری ماہ میں یورپی سیفٹی ایجنسی نے پی آئی اے کا آڈٹ بھی کیا، جس کے بعد پی آئی اے انتظامیہ نے امید ظاہر کی ہے کہ سال 2024ء میں پی آئی اے کا برطانیہ اور یورپ کیلئے فلائٹ آپریشن بحال ہوگا۔