ممبئی: بالی وڈ کے معروف اداکار پنکج ترپاٹھی نے انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے بچن میں کیڑے کھائے اور ندی کا مضر صحت پانی بھی پیا تھا۔
بالی وڈ ہنگامہ کی رپورٹ کے مطابق پنکج ترپاٹھی حالیہ انٹرویو کے دوران گفتگو کرتے ہوئے بچن کی یادوں میں گم ہوگئے اور انہوں نے اپنے متعلق حیران کُن انکشافات کیے۔
نوجوانی میں پنکج ترپاٹھی لڑکیوں کو متاثر کرنے کیلیے سائیکل پر کرتب دکھاتے تھے۔ انہوں نے انٹرویو میں بتایا کہ ہمارے محلے میں ایک لڑکا ایسا کرنے کی وجہ سے لڑکیوں میں کافی مقبول تھا۔
ایک مرتبہ انہوں نے اسکول میں سائیکل ریس کے مقابلے میں حصہ لیا تاکہ وہ جیت کر لڑکیوں کو متاثر کر سکیں۔ پنکج ترپاٹھی نے بتایا کہ میں نے بہت محنت کی لیکن ریس ہار گیا تھا۔
انہیں بچن میں تیراکی سیکھنے کا بھی شوق ہوا تھا۔ پنکج ترپاٹھی نے بتایا کہ ہمارے گھر کے قریب ندی تھی جس میں نہ صرف کیڑے تھے بلکہ گندا اور بدبودار پانی بھی تھا۔
اداکار نے بتایا کہ ندی کے پاس موجود بچوں نے مجھ سے کہا اگر تیراکی سیکھنی ہے تو کیڑے کھانے پڑیں گے اور گندا پانی بھی پینا پڑے گا، میں نے اُن کی بات پر یقین کر لیا اور ویسا ہی کیا۔
پنکج ترپاٹھی نے بتایا کہ شکر ہے کیڑے کھانے اور گندا پانی پینے کی وجہ سے کچھ ہوا نہیں۔
پروجیکٹ کی بات کریں تو پنکج ترپاٹھی آئندہ فلم ’میں اٹل ہوں‘ میں نظر آئیں گے جس کی ریلیز 19 جنوری کو شیڈول ہے۔