اسلام آباد: سیمی ایزدی کی زیر صدارت آج سینیٹ کمیٹی موسمیاتی تبدیلی کا اجلاس ہوا، جس میں انھوں نے اسلام آباد میں فوگ کی صورت حال پر شدید حیرانی کا اظہار کیا۔
تفصیلات کے مطابق موسمیاتی تبدیلی کی سینیٹ کمیٹی کی چیئرمین سیمی ایزدی نے اجلاس میں کہا کہ اسلام آباد میں اتنی شدت سے فوگ اس سے پہلے کبھی نہیں ہوئی، جب میں کراچی سے واپس آئی تو اسلام آباد ایئر پورٹ پر فوگ دیکھ کر حیران رہ گئی۔
سیکریٹری موسمیاتی تبدیلی نے بتایا کہ اسلام آباد میں گزشتہ کئی روز سے رات کے پہر فوگ پڑی جو پریشان کن ہے، ڈی جی میٹ نے اسلام آباد میں پڑنے والی فوگ پر کمیٹی کو بریفنگ میں کہا دسمبر میں بارشیں نہ ہونے سے اسلام آباد میں فوگ بڑھی۔
سیکریٹری موسمیاتی تبدیلی کا کہنا تھا کہ اسلام آباد میں رواں سال جنوری میں سردی کی شدت پہلے سے کم ہے، اور یہ سب موسمیاتی تبدیلی کے اثرات ہیں، اس لیے اب ہمیں فیصلہ کرنا ہے کہ اس سے نمٹنا کیسے ہے۔
Fog and cold in Islamabad – now think of the people sleeping outside. pic.twitter.com/so2rkcrhpi
— Sahar Baloch (@Saherb1) January 2, 2024
ڈی جی میٹ نے کہا سال 2013 تاریخ کا گرم ترین سال گزرا ہے، آنے والے دنوں میں زیادہ بارش کی پیشگوئی ہے، جنوری کے آخری ہفتہ میں بارشیں زیادہ ہونے کا امکان ہے۔
ڈی جی میٹ نے کہا اسموگ اور فوگ میں فرق ہے، مختلف گیسوں کے زہریلے مادہ سے مل کر اسموگ بنتی ہے، سینیٹر فاروق نائیک نے کہا کہ فوگ ساری دنیا میں ہوتی ہے، لیکن اسموگ کے لیے ہم لوگ ذمہ دار ہیں، ساہیوال میں لگائے گئے کوئلہ کے پلانٹ سے بھی اسموگ ہو رہی ہے، اس پلانٹ کے لیے کوئلہ کراچی سے آتا ہے، اسے کراچی کے ساتھ ہی لگایا جاتا تو بہتر ہوتا۔