پاکستان اور نیوزی لینڈ کے خلاف پانچ ٹی 20 میچوں پر مشتمل سیریز کل (جمعہ) سے شروع ہو رہی ہے کیوی کپتان کو ایک کھلاڑی سے بڑا خطرہ ہے۔
پاکستان کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز شروع ہونے سے ایک روز قبل نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن نے آکلینڈ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بابر اعظم کو سیریز میں سب سے بڑا خطرہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ٹی ٹوئنٹی سیریز سے قبل سابق پاکستانی کپتان کی فارم میں واپسی کے لیے پُر امید ہیں۔
کین ولیمسن کا کہنا تھا کہ کسی بھی کھلاڑی کی فارم میں اتار چڑھاؤ آتا رہتا لیکن بابر اعظم ایک ورلڈ کلاس کھلاڑی ہے جو دنیا کے بہترین کرکٹرز میں سے ایک ہے اور مجھے اب بھی وہ سیریز میں سب سے بڑا خطرہ محسوس ہوتا ہے۔
کیوی کپتان کا کہنا تھا کہ پاکستان ہمیشہ سے نیوزی لینڈ کے لیے سخت چیلنجنگ ٹیم رہی ہے اور مجھے یاد ہے کہ 2022 کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے قبل انہوں نے کس طرح سہ فریقی سیریز میں فتح حاصل کی تھی۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ پاکستان تمام تر حالات میں دنیا کی بہترین ٹیموں میں سے ایک ہے جو ہمیشہ مشکل وقت میں مضبوط ٹیم بن کر ابھرتی ہے اور اس کے پاس سب کو حیران کرنے کا شاندار موقع ہوتا ہے۔
واضح رہے کہ بابر اعظم حالیہ کچھ مہینوں میں ون ڈے اور ٹیسٹ میں اپنی فارم میں دکھائی نہیں دیے۔ نمبر ایک ون ڈے بیٹر نے گزشتہ سال کے اختتام میں آئی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ میں صرف 320 رنز بنائے جب کہ حال ہی میں ختم ہونے والے دورہ آسٹریلیا میں تین ٹیسٹ میچوں میں 21 کی معمولی اوسط سے صرف 126 رنز ہی بنا سکے۔
پانچ ٹی ٹوئنٹی میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ کل (جمعہ) آکلینڈ میں کھیلا جائے گا۔ میچ پاکستانی وقت کے مطابق صبح 11 بج کر 10 منٹ پر شروع ہو گا۔