سربراہ پی ڈی پی اور مقبوضہ جموں و کشمیر کی سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کی گاڑی کو حادثہ پیش آگیا جس میں وہ محفوظ رہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق محبوبہ مفتی سرینگر سے ضلع اننت ناگ جا رہی تھیں کہ گاڑی کو حادثہ پیش آیا جس میں ان کا ڈرائیور زخمی ہوا۔
حکام کے مطابق محبوبہ مفتی کی کار کے اگلے حصے کو شدید نقصان پہنچا لیکن وہ اس میں بالکل محفوظ رہیں۔ پولیس حادثے کی اطلاع ملتے ہی موقع پر پہنچ گئی۔
سربراہ پی ڈی پی کے ڈرائیور کو قریبی اسپتال منتقل کیا گیا جبکہ وہ سفر کو جاری رکھتے ہوئے دوسری گاڑی میں سوار ہو کر اننت ناگ روانہ ہوئیں۔
پولیس کے مطابق محبوبہ مفتی کی کار کا تصادم مخالف سمت سے آنے والی کار سے ہوا، وہ خان بل میں آتشزدگی کے واقعے کے متاثرین سے ملاقات کیلیے جا رہی تھیں۔
نیشنل کانفرنس (این سی) کے نائب صدر عمر عبداللہ نے حادثے میں ان کے محفوظ رہنے پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے حادثے کی وجوہات کا پتا لگانے کیلیے تحقیقات کا مطالبہ کیا۔