پیر, جنوری 20, 2025
اشتہار

پی ایس ایل سیزن 9 کا شیڈول جاری

اشتہار

حیرت انگیز

ایچ بی ایل پی ایس ایل 9 کا آغاز 17 فروری کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں ہوگا جس میں  دفاعی چیمپئن لاہور قلندرز کا مقابلہ اسلام آباد یونائیٹڈ سے ہوگا۔ دونوں ٹیمیں دو دو مرتبہ ٹائٹل جیت چکی ہیں۔

شائقین کا مقبول ترین یہ  ایونٹ چار شہروں کراچی، لاہور، ملتان اور راولپنڈی میں کھیلا جائے گا۔ چھ ٹیموں پر مشتمل پی ایس ایل کا فائنل 18 مارچ کو کراچی کے نیشنل بینک اسٹیڈیم میں ہوگا۔

34 میچوں پر مشتمل اس ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ میں کراچی گیارہ میچوں کی میزبانی کرے گا جن میں کوالیفائر، دو ایلیمینیٹرز اور فائنل شامل ہیں۔

- Advertisement -

 لاہور کا قذافی سٹیڈیم اور راولپنڈی کا پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم  نو نو میچز کی میزبانی کرے گا جبکہ ملتان میں شائقین پانچ میچز دیکھ سکیں گے۔

ٹورنامنٹ میں سات ڈبل ہیڈرز ہوں گے ۔پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم پانچ ڈبل ہیڈرز میچوں کی میزبانی کرے گا۔

لاہور قلندرز اور کراچی کنگز کے درمیان  مقابلہ 24 فروری اور 9 مارچ کو ہوگا۔ قذافی اسٹیڈیم 24 فروری کو میزبانی کرے گا  جبکہ نیشنل بینک اسٹیڈیم میں دونوں ٹیمیں 9 مارچ کو مدمقابل ہونگی۔

کنگز، قلندرز، سلطانز اور یونائیٹڈ اپنے ہوم گراؤنڈ پر پانچ میچز کھیلیں گی  جبکہ پشاور زلمی چار میچز پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گی، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کراچی لاہور اور راولپنڈی میں تین تین میچ کھیلے گی جب کہ ایک میچ ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں 25 فروری کو ہوم سائیڈ سلطانز کے خلاف کھیلے گی۔

پچھلے ایڈیشن کی طرح ایچ بی ایل پی ایس ایل کا 9 واں ایڈیشن بھی دو مرحلوں میں ہوگا جس میں ملتان کرکٹ اسٹیڈیم اور قذافی اسٹیڈیم لاہور 17 سے 27 فروری تک 14 میچوں کی میزبانی کریں گے اس کے بعد کرکٹ ایکشن راولپنڈی کے پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم اور کراچی کے نیشنل بینک اسٹیڈیم میں منتقل ہوجائے گا جہاں 28 فروری سے 18 مارچ تک 20 میچ کھیلے جائیں گے۔

پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کے چیرمین  ذکا اشرف کا کہنا ہے کہ ہمیں یہ اعلان کرتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے کہ ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ کا نواں ایڈیشن 17 فروری سے شروع ہونے والا ہے جس میں چار شہروں میں ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کی خوبصورتی  نظر آئے گی ان شہروں میں ایونٹ کی میزبانی کا فیصلہ ملک بھر کے شائقین کے لیے اعلیٰ درجے کی کرکٹ پیش کرنے  کے ہمارے عزم کا ثبوت ہے۔ ہم سمجھتے ہیں کہ ان شہروں میں  میچوں کی میزبانی نہ صرف شائقین کے جوش وخروش  میں اضافہ کرتی ہے بلکہ گراس روٹ لیول پر کرکٹ کو بھی فروغ دیتی ہے۔ ہم اس شاندار ایونٹ کے لیے تیار  ہیں اور ساتھ ہی  ہم سنسنی خیز  مقابلے دیکھنے اور ملک بھر میں کرکٹ کے شائقین کے لیے ناقابل فراموش لمحات فراہم کرنے کے  بھی منتظر ہیں۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں