منگل, جنوری 21, 2025
اشتہار

نیوزی لینڈ نے پاکستان کو دوسرے ٹی 20 میچ میں بھی ہرا دیا

اشتہار

حیرت انگیز

نیوزی لینڈ نے پاکستان کو دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں 21 رنز شکست دے کر پانچ میچوں کی سیریز میں دو صفر کی برتری حاصل کر لی ہے۔

پاکستان اور نیوزی لینڈ کے خلاف پانچ ٹی 20 میچوں پر مشتمل سیریز کے ہیملٹن میں کھیلے جانے والے دوسرے میچ میں بھی کیویز نے گرین شرٹس کو زیر کر کے سیریز میں دو صفر کی برتری حاصل کر لی ہے۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے دیے گئے 195 رنز کے ہدف کے تعاقب میں قومی ٹیم 19.3 اوورز میں 173 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ فخر زمان اور بابر اعظم کی نصف سنچریاں بھی قومی ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکیں۔

- Advertisement -

ہدف کے تعاقب میں پاکستان کے دونوں اوپنرز جلد ہی پویلین لوٹ گئے۔ صائم ایوب ایک اور رضوان صرف 7 رنز ہی بنا سکے۔ 10 رنز پر 2 وکٹیں گرنے کے بعد بابر اعظم اور فخر زمان نے تیسری وکٹ کے لیے 87 رنز کی پارٹنر شپ قائم کر کے ٹیم اور شائقین کرکٹ کی امیدوں کو زندہ کر دیا۔ اس موقع پر فخر زمان کو ملنے نے بولڈ کر دیا۔ انہوں نے 25 گیندوں پر 50 رنز کی برق رفتار اننگ کھیلی جس میں 5 بلند وبالا چھکے اور تین چوکے شامل تھے۔

بابر اعظم 66 رنز بنا کر سیئرس کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے تو پاکستان کی آخری امید بھی ختم ہوگئی۔ کپتان شاہین شاہ نے 13 گیندوں پر 22 رنز بنائے۔ ٹیم کے باقی سات کھلاڑی ڈبل فیگر میں بھی داخل نہ ہو سکے۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے ایڈم ملنے نے 33 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں۔ ٹم ساؤتھی، ایش سودھی اور بن سیئرس کے ہاتھ دو، دو وکٹیں آئیں۔

اس سے قبل پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا اور نیوزی لینڈ نے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 194 رنز بنائے۔

کیوی اوپنر فن ایلن نے پہلے میچ کی طرح دوسرے میچ میں بھی طوفانی اننگ کھیلی اور 41 گیندوں پر 74 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ انہیں فتح گر جارحانہ اننگ کھیلنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ کیوی کپتان کین ولیمسن 26 رنز بنا کر ریٹائرڈ ہرٹ ہوئے۔

پاکستان کی جانب سے حارث رؤف سب سے کامیاب بولر رہے جنہوں نے 38 رنز دے کر تین وکٹیں حاصل کیں۔ عباس آفریدی نے 43 رنز کے عوض 2 شکار کیے جب کہ عامر جمال اور اسامہ میر نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

آج کے میچ کے لیے پاکستان ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی تھی جب کہ میزبان ٹیم میں میٹ ہنری کی جگہ مچل سینٹنر کی واپسی ہوئی تھی۔

واضح رہے کہ آکلینڈ میں کھیلے گئے سیریز کے پہلے میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 46 رنز سے شکست دی تھی۔

سیریز کا تیسرا میچ بدھ 17 جنوری کو ڈونیڈن میں جب کہ آخری دو میچز کرائسٹ چرچ میں 19 اور 21 جنوری کو ہوں گے۔

Comments

اہم ترین

ریحان خان
ریحان خان
ریحان خان کو کوچہٌ صحافت میں 25 سال ہوچکے ہیں اور ا ن دنوں اے آر وائی نیوز سے وابستہ ہیں۔ملکی سیاست، معاشرتی مسائل اور اسپورٹس پر اظہار خیال کرتے ہیں۔ قارئین اپنی رائے اور تجاویز کے لیے ای میل [email protected] پر بھی رابطہ کر سکتے ہیں۔

مزید خبریں