لاہور: مسلم لیگ (ن) کے رہنما سعد رفیق کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کو بلا مل بھی جاتا تو کوئی فرق نہیں پڑنا تھا کیونکہ میں تو بلے سے مقابلہ کرنا چاہتا تھا۔
پارٹی ورکرز سے خطاب کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر سعد رفیق نے کہا کہ آپ باشعور لوگ ہیں اچھا برا جانتے ہیں، 8 فروری بہت اہم تاریخ ہے انتخابات تو ہوتے آئے ہیں لیکن یہ اور طرح کا الیکشن ہے۔
سعد رفیق نے کہا کہ یہ ایسے وقت میں الیکشن آئے ہیں جب پاکستان بھنور میں پھنسا ہے، پاکستان کے معاشی حالات ٹھیک نہیں ہیں، لوگوں کو بھوک و افلاس اور بے روزگاری کا سامنا ہے، سرکار کے پاس تنخواہ دینے کیلیے بھی پیسے نہیں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایسے وقت میں الیکشن لڑنا جیت کر حکومت بنانا بچوں کا کھیل نہیں، آپ کے ملک کی نبض آپ کے سامنے ڈوب رہی ہو تو تماشا دیکھیں گے یا بچائیں گے؟ ہم سر دھڑ کی بازی لگا کر اسے بچائیں گے۔
(ن) لیگی رہنما نے کہا پی ٹی آئی والے پوچھتے ہیں آپ نے عدم اعتماد کیوں کی، اگر عدم اعتماد نہ کرتے تو پاکستان دیوالیہ ہو کر سری لنکا بن جاتا، عدم اعتماد نہ لاتے تو 500 روپے کی روٹی ہزار کا ڈالر ہو چکا ہوتا، ہمیں پتا تھا بانی پی ٹی آئی کا گند سر پر اٹھائیں گے تو لوگ ذمہ دار ٹھہرائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ بعض لوگوں نے کہا عدم اعتماد نہ کرو اسے سیاسی موت مرنے دو، جس سے جان چھڑائی تھی اسی آئی ایم ایف کے پاس ہمیں جانا پڑا، ہم نے پی ٹی آئی دوستوں سے ساتھ مانگا انہوں نے کہا دیں گے، ہم نے کہا آپ سے ووٹ نہیں مانگتے بس چپ چاپ ایک جگہ بیٹھ جاؤ، خزانہ خالی تھا کوئی ڈالر دینے کو تیار نہیں ہر ایک کو ناراض کر رکھا تھا۔