اسلام آباد : سینیٹر دلاور خان نے الیکشن 2024 ملتوی کرانے کی قرارداد پر علمدرآمد کے لئے چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کو خط لکھا ، جس میں کہا کہ یقینی بنایا جائے کہ 8 فروری کے انتخابات ملتوی کیے جائیں۔
تفصیلات کے مطابق سینیٹر دلاور خان نے الیکشن ملتوی کرانے کی قرارداد سے متعلق چیئرمین سینیٹ کو خط لکھا۔
خط میں کہا گیا کہ سینیٹ نے 5 جنوری کو الیکشن ملتوی کرانے کی قرارداد پاس کی تھی، یہ بات باعث تشویش ہے کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے تاحال 8 فروری کے انتخابات ملتوی کرانے کوئی اقدامات نہیں اٹھائے گئے۔
سینیٹر دلاور خان کا کہنا تھا کہ قرارداد میں نشاندہی کیے گئے تحفطات پر توجہ دینی چاییے تھی مسائل حل کئے بغیر صاف شفاف انتخابات کے انعقاد پر سمجوتا نظر آرہا ہے۔
خط میں مزید کہا گیا کہ بطور ایوان کے کسٹوڈین کے مداخلت کرکے میری قرارداد پر عملددامد کی موجودہ صورت حال معلوم کی جائے اور یقینی بنایا جائے کہ 8 فروری کے انتخابات ملتوی کیے جائیں تاکہ ملک بھر سے لوگ الیکشن سرگرمیوں میں شرکت کر سکیں۔
یاد رہے 5 جنوری کو سینیٹ میں 8 فروری کے عام انتخابات کو معطل کرنے کی قرارداد کثرت رائے سے منظور کر لی گئی تھی۔
سینیٹر دلاور خان نے الیکشن میں سازگار ماحول کی فراہمی کے لیے قرارداد پیش کی تھی ، جس میں کہا گیا تھا کہ بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں صورتحال خراب ہے۔ مولانا فضل الرحمان اور محسن داوڑ پرحملے ہوئے ہیں جب کہ ایمل ولی خان اور دیگر سیاسی رہنماؤں کو تھریٹ ملے ہیں۔ الیکشن کے انعقاد کے لئے ساز گار ماحول فراہم کیا جانا چاہیے۔
قرارداد میں کہا تھا کہ خیبر پختونخوا، بلوچستان میں دہشتگردی کی کارروائیاں جاری ہیں جب کہ محکمہ صحت ایک بار پھر کورونا کے پھیلنے کا عندیہ دے رہا ہے
قرارداد میں مطالبہ کیا گیا تھا کہ چھوٹے صوبوں میں بالخصوص الیکشن مہم چلانے کیلیے مساوی حق دیا جائے اور الیکشن کمیشن شیڈول معطل کر کے سازگار ماحول کے بعد شیڈول جاری کرے۔