محمد رضوان نے ورلڈ کلاس شاہد آفریدی اور محمد حفیظ کو پیچھے چھوڑتے ہوئے ٹی ٹوئنٹی میں نیا ریکارڈ اپنے نام کر لیا۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز وکٹ کیپر بیٹر جو نیوزی لینڈ کے خلاف پانچ ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز میں بطور بلے باز کھیل رہے ہیں اور ابتدائی دو میچوں میں بڑی اننگ نہیں کھیل سکے ہیں لیکن انہوں نے موجودہ ٹیم ڈائریکٹر محمد حفیظ، سابق کپتان شاہد آفریدی اور شعیب ملک جیسے ورلڈ کلاس کھلاڑیوں کو پیچھے چھوڑتے ہوئے نیا ریکارڈ اپنے نام کر لیا ہے۔
نیوزی لینڈ کے خلاف ہیملٹن میں کھیلے گئے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں محمد رضوان صرف 7 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے لیکن اس مختصر ترین اننگ میں بھی وہ ایک بڑا ریکارڈ اپنے نام کر گئے۔
محمد رضوان نے کی 7 رنز کی اننگ میں ایک چھکا بھی شامل تھا جو ان کا ٹی ٹوئنٹی میں مجموعی طور پر 77 واں چھکا تھا۔ یوں وہ مختصر دورانیے کی کرکٹ میں پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ چھکے لگانے والے بلے باز بن گئے ہیں۔
RECORD ALERT @iMRizwanPak is now the leading six-hitter for in T20Is #NZvPAK | #BackTheBoysInGreen pic.twitter.com/9e71hOuqTj
— Pakistan Cricket (@TheRealPCB) January 14, 2024
ان کے پیچھے سابق کپتان اور موجودہ ٹیم ڈائریکٹر محمد حفیظ ہیں جنہوں نے اپنے کیریئر میں 76 چھکے لگائے۔ بوم بوم آفریدی 73 چھکوں کے ساتھ تیسرے جب کہ شعیب ملک 69 چھکوں کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہیں۔ بابر اعظم اس فہرست میں پانچویں نمبر پر ہیں جنہوں نے اب تک 55 چھکے لگا رکھے ہیں۔ ان کا کیریئر جاری ہے اس لیے ان کے چھکوں کی تعداد میں اضافہ یقینی ہے۔