جمعہ, ستمبر 20, 2024
اشتہار

انتخابی نشان نہ ملنے پر میری ہمدردیاں پی ٹی آئی کارکنوں کے ساتھ ہیں، بلاول بھٹو

اشتہار

حیرت انگیز

قمبرشہداد کوٹ: چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ انتخابی نشان نہ ملنے پر میری ہمدردی پی ٹی آئی کارکنوں کے ساتھ ہے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق قمبر شہداد کوٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے کہا کہ نہیں چاہتے کہ کسی سیاسی جماعت کو انتخابی نشان سے محروم کیا جائے، میری ہمدردی پی ٹی آئی کارکنوں کے ساتھ ہے۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے انٹرا پارٹی الیکشن درست طریقے سے نہیں کروایا، کارکنوں کو دیکھنا چاہیے کوتاہی ان کی قیادت کی طرف سے ہوئی ہے۔

- Advertisement -

بلاول بھٹو نے کہا کہ جسٹس فائز عیسیٰ قانون ایک طرف رکھ کر سیاسی فیصلہ دے سکتے تھے لیکن نہیں دیا، میں جانتا ہوں کچھ لوگ مایوس ہوں گے جو چاہیں گے الیکشن میں حصہ نہ لیں، اب عوام کو بھرپور تعداد میں اس الیکشن میں حصہ لینا چاہیے۔

چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ اب مقابلہ تیر اور شیر کا ہے آئیں ہمارا ساتھ دیں، امید ہے جنوبی پنجاب کے عوام تیر کا ساتھ دے کر شیر کا شکار کروائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ جنہوں نے الیکشن سے بھاگنے کی کوشش کی ان کو 8 فروری کو جیت کر دکھائیں گے، جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہا تھا کہ 8 فروری کو الیکشن پتھر پر لکیر ہے، عوام تیر پر ٹھپہ لگا کر بھرپور جواب دیں گے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ ملک کے حالات کو ٹھیک کرنا ہے تو عوام کے لیے سرمایہ کاری کرنا ہوگی، نواز یا بانی پی ٹی آئی ان کا مقصد اشرافیہ کو سہولتیں دینا ہے لیکن ہمارا پلان غریبوں کو سہولیات فراہم کرنا ہے۔

چیئرمین پی پی نے کہا کہ اگلی بار جو بھی بجٹ بنے گا یہ کراچی میں نہیں بنے گا بلکہ عوام کے ساتھ کھلی کچہریوں میں فیصلے کریں گے کہ کیا کیا منصوبے ہونے چاہئیں، بلوچستان بارڈر پر ایسا ڈیم بنانا چاہتا ہوں کہ سیلاب سے عوام کو بچاسکیں۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ کل لاڑکانہ میں پی پی عوامی معاشی معاہدے پر تفصیلی بریفنگ دوں گا، 17 جنوری کو بدین اور سانگھڑ میں انتخابی مہم چلاؤں گا، 18 جنوری کو دادو اور نوشہروفیروز میں جلسہ کروں گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ 19 جنوری کو رحیم یار خان، جنوبی پنجاب میں ہمارا جلسہ ہوگا، 20 جنوری کو کوٹ اڈو میں جلسہ رکھیں گے، 21 جنوری کو لاہور میں شہریوں کو جلسے کی دعوت دیتا ہوں۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں