مانچسٹر: پاکستان دوست رکن برطانوی پارلیمنٹ سر ٹونی لائیڈ چل بسے۔
تفصیلات کے مطابق برطانوی ٹاؤن راچڈیل سے لیبر ایم پی سر ٹونی لائیڈ بدھ کو انتقال کر گئے، ان کی عمر 73 برس تھی، اہل خانہ نے کہا کہ ان کا انتقال گھر میں پرسکون طور پر ہوا، اور وہ موت سے چند دن قبل تک روز مرہ کے کام کرتے رہے۔
سر ٹونی لائیڈ نے ایک ہفتہ قبل انکشاف کیا تھا کہ انھیں ناقابل علاج لیوکیمیا لاحق ہے، ان کے خون کے کینسر کا علاج بھی کیا گیا اور کیموتھراپی بھی کی گئی۔
گزشتہ روز اہل خانہ نے ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ میں کہا کہ آج صبح جب وہ اپنے گھر والوں سے گھرے ہوئے تھے، انھوں نے سکون سے آخری سانسیں لیں، یہی ان کی خواہش رہی تھی۔
واضح رہے کہ ٹونی لائیڈ کا شمار پاکستان دوست اور کشمیر کی آزادی کے لیے ہمیشہ آواز اُٹھانے والوں میں ہوتا تھا، سر کیئر اسٹارمر نے ملک و قوم کے لیے خدمات پر ٹونی لائیڈ کو خراج عقیدت پیش کیا۔
ٹونی لائیڈ 1983 میں پہلی بار رکن پارلیمنٹ منتخب ہوئے تھے، 1997 سے 1999 تک برطانوی وزیر خارجہ کے عہدے پر فائز رہے، ٹونی لائیڈ کو پاکستانی کمیونٹی کے ساتھ خصوصی لگاؤ تھا، اور وہ مسئلہ کشمیر اور فلسطین کے حوالے سے واضح مؤقف رکھتے تھے۔