کراچی: وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ کسی کو پاکستان بند کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔
کراچی میں دفاعی نمائش آئیڈیاز 2014 کی تقریب کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید نے کہا ہے کہ عمران خان نے جن ججز پر اعتماد کااظہار کیاپھربعد میں انہی پرتنقیدکی، انکاکہناتھاکہ عمران خان دھرنے نادیتے توجوڈیشل کمیشن کب کااپناکام ختم کرچکاہوتا۔پرویزرشیدنے کہاکہ دھرنا پاکستان کا نمائندہ نہیں بلکہ دفاعی نمائش ہماری پہچان ہے اور کسی کو شہر بند کرنے کا حق نہیں دیا جاسکتا۔
پرویز رشید کا کہنا تھا کہ پاکستان اپنی بھرپور دفاعی صلاحیت رکھتا ہے اور بین الاقوامی معیار کے مطابق جنگی ساز و سامان بنا کر فروخت کرنے کی بھی صلاحیت رکھتا ہے جب کہ غیر ملکی وفود نے پاکستانی دفاعی اشیا کے معیار پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے انجینئرز پر فخر ہے ہماری نشانیاں دھرنے نہیں بلکہ مضبوط کرنسی اور معیشت ہے اور پاکستانیوں کی تخلیق اورصلاحیت دفاعی نمائش میں دیکھی دھرنے میں نہیں۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ہم نے روشنیوں کی طرف سفر کرنا شروع کردیاہے، جب اقتدار سنبھالا تو پاکستان کی معیشت سے متعلق منفی پیش گوئیاں کی جارہی تھیں لیکن آج اسٹاک ایکس چینج 30 ہزارکی سطح عبور کرگئی اورعنقریب 40 ہزار سے بھی اوپر جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ غیر ملکی وفود کا دفاعی نمائش میں شرکت کرنا اور پاکستانی عسکری مصنوعات میں دلچسپی کا اظہار کرنا پاکستان کی کامیابی ہے اور یہ کسی ایک سیاسی جماعت کی کامیابی نہیں بلکہ پورے ملک کی کامیابی ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ بحران سے ابھی نکلے نہیں لیکن نکلتے نظر آرہے ہیں اور امید ہے کہ ملک سے اندھیروں کا خاتمہ کر کے روشنی لے کر آئیں گے۔انہوںنے کہاک ہم اپنی غلطیوں اور کمزوریوں کو بھی دیکھتے ہیں لیکن ہمیں اپنی کامیابیوں پرخوش ہونے کا حق بھی حاصل ہے اور کسی کو یہ حق نہیں دے سکتے ہیں وہ ہم سے ہماری خوشیاں چھینے یا اس سے ہمیں محروم رکھ سکے۔